پاکستان ویمنز ٹیم انگلینڈ کے چیلنج کیلئے تیار، پہلا ٹی ٹوئنٹی کل ہوگا

پاکستان ویمنز ٹیم انگلینڈ کے چیلنج کیلئے تیار، پہلا ٹی ٹوئنٹی کل ہوگا
سورس: publicnews

( پبلک نیوز) محمد شکیل خان:تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ایجبسٹن برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

برمنگھم 10 مئی 2024: پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کل انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مدمقابل ہوگی۔ ایجبسٹن برمنگھم میں یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

بقیہ دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 17 اور 19 مئی کو نارتھمپٹن اور لیڈز میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 23 سے 29 مئی تک ڈربی ۔ ٹاؤنٹن اور چیمسفرڈ میں کھیلے جائیں گے ۔ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔

پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ ہم اس سیریز سے پہلے اپنی صلاحیتوں اور حکمت عملی کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ ہر کھلاڑی نے پریکٹس سیشنز کے دوران زبردست لگن اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے اور مجھے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں  اچھی کارکردگی دکھانے کی ان کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے۔

 ندا ڈار نے کہا کہ انگلینڈ جیسی ٹاپ ٹیم کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے لیکن یہ ہماری کھلاڑیوں کے لیے دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف خود کو آزمانے کا بہترین موقع بھی ہے۔ اس سیریز سے ہمیں آنے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اہم کھلاڑیوں کی شناخت میں مدد ملے گی۔

پاکستان ویمنز اسکواڈ ان کھلاڑیوں  پر مشتمل ہے :

 ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض ۔ عائشہ ظفر۔ ڈیانا بیگ۔ فاطمہ ثنا۔ ۔گل فیروزہ۔  منیبہ علی ( وکٹ کیپر )  نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ رامین شمیم۔ صدف شمس ۔سعدیہ اقبال۔ سدرہ امین۔ طوبیٰ حسن ۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر۔

انگلینڈ ویمنز ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں یہ کھلاڑی شامل ہیں :

 ہیدر نائٹ (کپتان )۔ ایلس کیپسی، ایمی جونز، بیس ہیتھ، چارلی ڈین، ڈینیئل گبسن، ڈینیئل وئٹ، فریا کیمپ، لارین بیل، لارین فلر، لنسی اسمتھ، مایا باؤچر، نیٹ برنٹ، سارہ گلین اور سوفی ایکلسٹن۔ 

ٹور شیڈول:

11 مئی – پہلا ٹی ٹوئنٹی  برمنگھم ( مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے)

17 مئی – دوسرا ٹی ٹوئنٹی  نارتھمپٹن ( مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے )

19 مئی - تیسرا  ٹی ٹوئنٹی  لیڈز ( مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے )

21 مئی۔ ون ڈے وارم اپ ۔ بمقابلہ ای سی بی ڈیولپمنٹ الیون ۔ نارتھمپٹن ۔ ( مقامی وقت کے مطابق گیارہ بجے دن  )۔

23 مئی۔پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ڈربی ۔( مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ) ۔

26مئی۔دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ٹاؤنٹن۔ ( مقامی وقت کے مطابق گیارہ بجے دن )۔

29 مئی۔ تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ چیمسفرڈ۔ ( مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ) ۔

اسپورٹس رپورٹر

 محمد شکیل خان ایک نوجوان اسپورٹس رپورٹر ہیں جو نہ صرف فیلڈ میں متحرک ہیں بلکہ دنیا بھر میں ہونے والے اسپورٹس ایونٹس اور خصوصا کرکٹ کے حوالے سے اپنے قارئین کو باخبر رکھا اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔