انگلینڈ دورہ پاکستان کیلئے رضامند، دو اضافی میچ کھیلنے کا اعلان

انگلینڈ دورہ پاکستان کیلئے رضامند، دو اضافی میچ کھیلنے کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ نے اگلے سال ستمبر میں دورہ پاکستان کیلئے رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے پی سی بی حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی ٹیم مزید دو ٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلے گی۔ یہ اہم اعلان برطانوی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ٹام ہیریسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کیساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق برطانوی ٹیم کا دورہ پاکستان آئندہ سال ستمبر اکتوبر 2022ء میں شیڈول ہے تاہم ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد وہ نومبر اور دسمبر میں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دورے میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ یہ تینوں ٹیسٹ میچ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ورلڈ ٹیسٹ چمپئین شپ کا حصہ ہوں گے۔ برطانوی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ میرے ہمراہ ای سی بی کے سینئر ڈائریکٹر مارٹن ڈارلو بھی تھے جنہوں نے کرکٹ کے معاملات سلجھانے کیلئے پاکستان کا دورہ کیا۔ ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ رواں سال اکتوبر میں برطانوی ٹیم کے دورے کی منسوخی کے بعد کچھ معاملات پیش آئے تھے۔ ہمارا یہاں آنے کا مقصد مستقبل کے حوالے سے بات کرنا تھا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈ کے آپس میں بڑے گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں۔ ہم ایک دوسرے کیساتھ کھیل کے فروغ کیلئے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ‘ہم مستقبل پر بھی بات کرنا چاہتے تھے کیونکہ دونوں بورڈز کے تاریخی تعلقات ہیں اور ہم ایجنڈے کو ایک دوسرے کا ساتھ دیتےہوئے آگے بڑھانا چاہتے ہیں’۔ ای سی بی سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ اعلان کرتے ہوئے ہمیں بہت خوشی ہو رہی ہے برطانوی ٹیم ستمبر اکتوبر 2022ء میں پاکستانی سرزمین پر دو اضافی ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔ بعد ازاں آسٹریلیا میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد ہماری ٹیم دوبارہ پاکستان پہنچے گی اور یہاں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

Watch Live Public News