کراچی: ( پبلک نیوز) انٹربینک میں ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے۔ امریکی ڈالر کی قدر میں37 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی قیمت 172 روپے ریکارڈ کی گئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.15 روپے کے اضافے کیساتھ 171.85 روپے پر بند ہوگیا جبکہ گزشتہ روز 170.7 روپے پر کاروبار کا اختتام ہوا تھا۔ قبل ازیں انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 1.30 روپے کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ڈالر کی قیمت 172 روپے تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 171.65 روپے اور فروخت 171.85 روپے ریکارڈ کی گئی۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے قرض پروگرام میں تاخیر ہونے کی وجہ سے روپے کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ آئی ایم ایف معاہدے کی جب تک تصدیق نہیں ہوتی روپے پر دباؤ برقرار رہے گا۔ آئی ایم ایف فنڈز کی تصدیق کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ پاکستانی ذخائر میں ایک ارب ڈالر موجود ہونگے جس کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی ترسیل میں بہتر آ جائے گی۔ خیال رہے کہ چند دن قبل مشیر خزانہ شوکت ترین نے اعلان کیا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کیساتھ چھ ارب ڈالر کا معاہدہ طے ہو چکا ہے، اس پر جلد ہی باضابطہ طور پر دستخط کر دیے جائیں گے۔ دوسری جانب فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈالر کی روز بروز بڑھتی ہوئی مانگ امپورٹرز کی جانب سے آرہی ہے۔ درآمدی بل میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔ جبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک 14 ارب ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے۔ اگر ڈالر کی ترسیل سپلائی نہ بڑھائی گئی تو پاکستانی کرنسی پر مزید دباؤ بڑھ سکتا ہے۔