ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نمازِ جنازہ ادا

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نمازِ جنازہ ادا
اسلام آباد (پبلک نیوز) پاکستان ایک اور محسن سے محروم ہوگیا، ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیرخان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کردی گئی، شہریوں کی بڑی تعداد سمیت سول اور ملٹری حکام کی شرکت. محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نمازِ جنازہ اسلام آباد میں فیصل مسجد میں ادا کر دی گئی. نماز جنازہ پروفیسر ڈاکٹر احمد الغزالی نے پڑھائی۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ تمام وفاقی وزرا، سروسز چیفس اور دیگر عہدے داران نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے وقت مسلسل بارش برستی رہی۔ انتظامیہ کے مطابق لوگوں کی تعداد اتنی تھی کہ جگہ کم پڑ گئی تھی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ میت کو خصوصی سیکیورٹی حصار میں گھر سے جنازہ گاہ منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ ہفتے پہلے کورونا سے متاثر ہوئے تھے، ڈاکٹر قدیر پہلے الشفا ہسپتال اور بعد میں ملٹری ہسپتال میں زیر علاج رہے، ڈاکٹر قدیر کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، ڈاکٹر قدیر ملٹری ہسپتال میں کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد گھر منتقل ہو گئے تھے. گزشتہ رات ڈاکٹر قدیر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی. ڈاکٹر قدیر کو طبیعت کی خرابی پر قریبی کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا. ڈاکٹر قدیر آج صبح جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے. ڈاکٹر عبدالقدیر خان یکم اپریل1936ء کو بھوپال میں پیدا ہوئے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان1952ء میں پاکستان منتقل ہوئے. ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے1960ء میں کراچی یونیورسٹی سے میٹالرجی میں ڈگری حاصل کی. ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے جرمنی اور ہالینڈ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی. 1967میں ہالینڈ سے میٹالرجی میں ماسٹراور 1972میں بیلجیم سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی.

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔