قریشی یا شہباز؟ پاکستان کا نیا وزیراعظم کون ہوگا؟

قریشی یا شہباز؟ پاکستان کا نیا وزیراعظم کون ہوگا؟
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں نئے وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا۔ تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی جبکہ متحدہ اپوزیشن نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کیلئے امیدوار نامزد کیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے گذشتہ روز دونوں امیدواروں کے کاغذات منظور کئے تھے۔ واضح رہے کہ عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی تھی۔ ان سے قبل پاکستان کی تاریخ میں کسی وزیراعظم کیخلاف یہ تحریک کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ عمران خان لگ بھگ تین سال اور آٹھ مہینے وزیراعظم پاکستان کے عہدے پر فائز رہے۔ کابینہ ڈویژن نے عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ان کی کابینہ کو بھی ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر آئینی اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ ان پر کیس درج ہیں، ان پر مالی کرپشن کے کیسز درج ہیں۔ شہباز شریف دنیا کے پہلے وزیراعظم ہونگے جو 10 ماہ سے ضمانت پر ہیں۔ اس پر قومی اسمبلی کے سیکرٹری نے تحریک انصاف کے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ قائم مقام سپیکر نے اعتراضات کی سماعت کا اختیار دیا ہے۔ سیاسی تقریر نہ کریں۔ چارجز ہمیں دے دیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شاہ محمود قریشی بھی وہیں موجود تھے۔ انہوں نے اس رویے پر شدید مزاحمت کی اور کہا کہ ان پر ابھی سے اقتدار کا نشہ چڑھا ہوا ہے۔ حکومت ابھی بنی نہیں اور دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا۔ ہمارے وکیل کے دلائل میں مداخلت نہ کی جائے۔ تاہم سیکرٹری قومی اسمبلی نے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیتے ہوئے انھیں منظور کر لیا جبکہ شاہ محمود قریشی کے کاغذات بھی منظور کئے گئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔