کابل (ویب ڈیسک) افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا کے بعد سے حالات اور معاملات پیچیدہ سے پیچیدہ ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے افغان آرمی چیف کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر اشرف غنی نے افغانستان کے آرمی چیف عبدالولی احمد زئی کو عہدہ سے ہٹانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ صدر کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق آرمی سربراہ کو فوری طور پر ہٹائے جانے کا حکم دیا گیا ہے۔ عبدالولی احمد زئی کی برطرفی کے بعد جنرل ہیبت اللہ علی زئی نئے آرمی چیف تعینات کیے گئے ہیں۔ افغان میڈیا نے اس حوالے سے بھی واضح کیا ہے کہ ملک میں کئی صوبوں کے دارالحکومت اس وقت طالبان کے کنٹرول میں آ چکے ہیں۔ طالبان افغان دارالحکومت کابل کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔ طالبان نے صوبے فاراہ، بدخشاں، بغلان، نمروز، جوزجان، قندوز، سرائے پل، تخار، سمنگان، ایبک، قندوز، تالقان، شبرغان اور زَرنج پر قبضہ کا دعویٰ کر رکھا ہے۔