جس ملک میں الیکشن چوری ہو وہاں سیاسی استحکام نہیں آسکتا،شاہد خاقان

جس ملک میں الیکشن چوری ہو وہاں سیاسی استحکام نہیں آسکتا،شاہد خاقان
کیپشن: جس ملک میں الیکشن چوری ہو وہاں سیاسی استحکام نہیں آسکتا،شاہد خاقان

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم اور بانی عوام پاکستان پارٹی شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ جس ملک میں الیکشن چوری ہو وہاں سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔

سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، جس ملک میں انصاف نہیں ہوگا وہاں کچھ نہیں ہوسکتا، آج ہم نے ایوان کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے، آئی پی پیز نہیں اصل مسئلہ معیشت کی کمزوری ہے، ڈالر 100 سے بڑھ کر 300 روپے تک چلا گیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج سے چار ہفتے پہلے عوام پاکستان پارٹی کو اسلام آباد میں لانچ کیا، اس وقت ہم نے کہا تھا ہم اپنا منشورنہیں رکھیں گے، کیونکہ منشور جماعتیں بناتی ہیں کہ ہم یہ کریں گے وہ کریں گے، اس لئے ہم نے پاکستان کے واضح مسائل کے حوالے سے ویژن ڈاکومنٹ بنایا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنی ویژن دستاویزات میں عوامی مسائل اور اس کے حل بھی رکھے ہیں، ہم نے اپنی دستاویزات میں شامل کیا ہے کہ عوام کو سب سے پہلے رکھنا ہوگا، ہم نے عوام کو سہولتیں دینی ہوں گی، ہم نے اپنی عوام کو بجلی، پانی، گیس اور روزگار دینا ہوگا۔

شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ اگر ہم نے اپنے مسائل کا حل ڈھونڈنا ہے تو آئین میں دیکھنا ہوگا، وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جو آئین کے مطابق نہیں چلتا، حلف بھی آئین کا حصہ ہے، آج ہر ایک اہلکار، جج، حکمران، فوجی آئین توڑتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آئین کو توڑ کر الیکشن چوری کئے جاتے ہیں، آگے بڑھنے کا واحد ایک راستہ ہے آئین کا احترام کریں، حکمرانوں کو اقتدار کی فکر جبکہ عوام پریشان ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لیڈرشپ وہ ہوتی ہے جو مسائل کا حل نکالے، ملک کے اندر آنے والے دنوں میں پانی کا بڑا مسئلہ ہوگا، ہمیں مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا، جو ملک عوام کو بنیادی حقوق نہیں دے سکتے اس ملک کا وجود خطرے میں پڑجاتا ہے، آج ملک کے نوجوان بیرون ملک جارہے ہیں۔

شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ کیا حکومت کو اس بات کا ادراک نہیں ہے؟ ملکی مسائل کا ایک ہی حل واپس آئین پر آجائیں اور کوئی طریقہ نہیں، کراچی میں ٹینکروں سے پانی لیا جاتا ہے لیکن پائپ لائن نہیں ڈالی جاتی، کراچی کی ہائیڈرنٹ اورٹینکر مافیا میں سب شامل ہیں اور جوابدہ کوئی نہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ٹروتھ کمیشن بننا چاہئے، 77سالوں میں بڑے قوانین بنائے لیکن کسی کا احتساب نہیں ہوا، اگر ڈالر 100 روپے کا ہوگا تو بجلی کی قیمت بھی نیچے آجائے گی، بجلی کے بلوں سے ٹیکس نکال دیں توبجلی کا یونٹ 8 روپےتک آجائے گا۔

آئی پی پیزکو بند کرنا ممکن نہیں،مفتاح اسماعیل

سابق وفاقی وزیر اور عوام پاکستان پارٹی (اے پی پی) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کو بند کرنا ممکن نہیں۔

کراچی میں تقریب سے خطاب میں مفتاح اسماعیل نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز معاہدے عوام کے سامنے رکھے جائیں اور گھریلو صارفین کےلیے بجلی بلوں میں 24 فیصد ٹیکس ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جو عوام کےلیے ہو تاکہ ملک چل سکے، مسئلہ قومیت نہیں بلکہ صرف غربت ہے۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ قانون کی عملداری چاہتے ہیں تاکہ سب ایک قانون کے ساتھ چلیں، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے حالات کی ذمہ دار ریاست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو سرکاری زمین غریب ہاریوں کو دے دینی چاہیے، کچی آبادیوں کو ریگولیٹ کریں تاکہ مکان میسر آسکیں۔

Watch Live Public News