لاہورہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نے عہدے کا حلف اٹھالیا

لاہورہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نے عہدے کا حلف اٹھالیا
کیپشن: The first female Chief Justice of Lahore High Court took the oath of office

ویب ڈیسک: جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور ہائیکورٹ کی 53 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر جسٹس عالیہ نیلم سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف لیا۔

گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب کے موقع پر ججز صاحبان سمیت اعلیٰ سرکاری اور سماجی شخصیات موجود تھیں۔ جسٹس عالیہ نیلم نے 53 ویں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

قبل ازیں صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون نے جسٹس عالیہ نیلم کا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جسٹس محمد شفیع صدیقی کی بطور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب یونیورسٹی لاء کالج سے 1995ء میں لاء کی ڈگری حاصل کی جبکہ انہوں نے قانون کے دیگر ڈپلومے بھی کر رکھے ہیں، وہ 1996ء میں بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئیں اور 1998ء میں ہائی کورٹ جبکہ 2008ء میں سپریم کورٹ کی وکیل بنیں۔

آئینی، سول، فوجداری، دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں پریکٹس کا تجربہ رکھنے والی جسٹس عالیہ نیلم 2013ء میں لاہور ہائیکورٹ کی ایڈہاک جج کے طور پر تعینات ہوئیں اور 2015ء میں لاہور ہائیکورٹ کی مستقل جج بن گئیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی شرکت: 

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ 

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جسٹس عالیہ نیلم کو  پہلی خاتون چیف جسٹس کا حلف لینے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ   خاتون وزیر اعلیٰ اور خاتون   چیف جسٹس پنجاب کا منفرد اعزازہے۔ 

لاہور ہائی کورٹ کے ججز، صوبائی وزرا، وفاقی و صوبائی لا افسران، انتظامی افسران اور دیگر شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

Watch Live Public News