آٹے کے شدید بحران کا خطرہ، ملک بھر کی فلورملز کی آج سے ہڑتال شروع

آٹے کے شدید بحران کا خطرہ، ملک بھر کی فلورملز کی آج سے ہڑتال شروع
کیپشن: The threat of severe flour crisis, the strike of flour mills across the country has started today

ویب ڈیسک: فلور ملز مالکان اور ایف بی آر کے درمیان ودہولڈنگ ٹیکس پر معاملات طے نہ ہوسکے۔ جس کے بعد ملک بھر کی ملیں بند کردی گئی ہیں اور مالکان نے ود ہولڈنگ ایجنٹ بننے سے انکار کردیا ہے۔ جس کی وجہ سے آٹے کے شدید بحران کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ 

لاہور میں ملیں بند: 

لاہور میں فلور ملز نے آج سے پسائی اور سپلائی بند کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق 1500 سے زائد ملز مالکان حکومت کی جانب سے ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف ڈٹ گئے ہیں اور مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ 

شہر لاہور میں بیشتر فلور ملز کو تالے لگ گئے ہیں۔ دوسری جانب ملک بھر سے فلور ڈیلرز کے بھی ہڑتال میں شامل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق اس وقت بازار میں پرانی سپلائی موجود ہے۔ اس لیے حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ ہڑتال جاری رہی تو آٹا مزید مہنگا ہوجائے گا۔ 

فیصل آباد میں ہڑتال

فیصل آباد میں بھی فلور ملز کی ہڑتال جاری ہے۔ صدر فلورملز ایسوسی ایشن چودھری شفیق انجم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی بند کر دی گئی ہے۔ ضلع کی 55 فلور ملز کو بند کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں فلور ملز دو لاکھ آٹے کے تھیلے یومیہ فراہم کرتی ہیں۔ اسی طرح ڈویژن بھر کی 100 فلورملز بند کی گئی ہیں۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ فلور ملز پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس اور بجلی پر عائد فکسڈ چارج کے خاتمہ تک ہڑتال جاری رہے گی۔ 

کراچی میں بھی ہڑتال:

حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کراچی فلورملز ایسوسی ایشن نے بھی آج سے ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ 

فلور ملز مالکان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لے۔ ٹیکس اکٹھا کرنا حکومت کا کام ہے، ہمارا نہیں۔ حکومت کی پسائی اور دھلائی روک دی ہے۔

فلور ملز مالکان نے واضح کیا کہ ملک میں گندم اتنی ہے کہ ایکسپورٹ کرسکتے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بھی فلور ملز کی ہڑتال

پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں بھی فلور ملز ایسو سی ایشن کی ہڑتال جاری ہے۔ صوبے بھر کی فلور ملز بند ہونے سے آٹے اور گندم کی سپلائی معطل ہے۔ 

چیئرمین پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا حاجی اقبال کا کہنا ہے کہ آٹے پر ودہولڈنگ ٹیکس کو ختم کیا جائے۔ بجلی کے بلوں میں ایم ڈی آئی کی شرح میں اضافے کو بھی ختم کیا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب سے گندم کی آزادانہ نقل و حمل پر پابندی ختم کی جائے۔ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ 

راولپنڈی میں فلور ملز کی ہڑتال:

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آج سے آٹے کی سپلائی معطل کر دی۔ ہڑتال کے باعث فلور ملز نے واشنگ اور پسائی کا سلسلہ بھی بند کر دیا۔

فلورملزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت فلور ملز پر عائد ناجائز ودہولڈنگ ٹیکسز کو فوری ختم کرے۔ ٹیکس کے نفاذ سے نان فائلر کے لیے آٹا 185 روپے تک مہنگا ہو جائے گا۔ مطالبات کی منظوری تک پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی سپلائی معطل رہے گی۔ حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لیے 6 جولائی سے 10 جولائی تک وقت دیا تھا۔

Watch Live Public News