ایف آئی اے سینٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی عبوری درخواست ضمانت کنفرم کر دی ہے۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو دس، دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا ہے۔ اس کے علاوہ عدالت نے دیگر ملزمان کی ضمانتیں بھی منظور کر لی ہیں۔ عدالت نے دیگر ملزمان کو دو، دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا ہے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ عدالت سلمان شہباز، مرحوم ملک مقصود اور طاہر نقوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔ تقریباً ڈیڑھ سال عبوری درخواست ضمانت کا کیس چلا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے گذشتہ سال درخواست ضمانت دائر کی گئی تھی۔ شہباز شریف اور حمزہ پر العربیہ شوگر ملز اور رمضان شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کا الزام عائد ہے۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز پر مبینہ 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام عائد ہے۔ وہ رمضان شوگر ملز کے سی ای او تھے۔