عدالت کاعمران خان کی ویڈیو لنک کےذریعے حاضری یقینی بنانےکاحکم

عدالت کاعمران خان کی ویڈیو لنک کےذریعے حاضری یقینی بنانےکاحکم
کیپشن: عدالت کاعمران خان کی ویڈیو لنک کےذریعے حاضری یقینی بنانےکاحکم

ویب ڈیسک: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت کے کیس پر سماعت 26 جون تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف توڑ پھوڑ، احتجاج پر درج 6 مقدمات میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے سماعت کی۔

بانی پی ٹی آئی کے وکلا عثمان گل اور خالد یوسف چوہدری عدالت کے روبرو پیش ہوئے، وکلا نے بتایا کہ سینئر وکیل سلمان صفدر اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہیں۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت سلمان صفدر کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دے۔وکیل عثمان ریاض گل نے بتایا کہ شاہزیب کیس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ حاضری کے بغیر ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم نہیں ہو سکتی۔

جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ میں نے جو فیصلہ پڑھا اس کے مطابق عدالت حاضری معاف کر کے ضمانت سن سکتی ہے اور میں نے ایسا کیا بھی ہے۔

وکیل نے بتایا کہ سپریم کورٹ اپنی ججمنٹ میں یہ واضح کر چکی ہے کہ ہر پیشی پر ملزم کی حاضری لازمی ہے، عدالت نے یہ بھی دیکھنا ہے کہ 17 گریڈ کا افسر 6 ماہ سے عدالت کے آرڈر روند رہا ہے۔

وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا کہ عدالت عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے احکامات جاری کرے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔

وقفے کے بعد سماعت کے دوبارہ آغاز پر عدت نکاح کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل سردار مصروف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشری بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔

سردار مصروف نے بتایا کہ درخواست ضمانتوں پر دلائل سینئر وکیل سلمان صفدر نے دینے ہیں، تاہم سلمان صفدر آج اسلام آباد ہائیکورٹ سے اڈیالہ جیل جائیں گے، اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت مقرر ہے، لہذا عدالت اس کیس میں عید کے بعد کی تاریخ رکھ دے۔

جج افضل مجوکا نے بتایا کہ اس کیس میں بانی پی ٹی آئی کی حاضری کا آرڈر کروں گا، آرڈر میں لکھوں گا کہ ہر صورت عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنائی جائے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 26 جون تک کے لیے ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ 4 جون کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 6، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر 11 جون کو دلائل طلب کرلیے تھے۔

Watch Live Public News