کراچی (پبلک نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے باغی ارکان سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار شر کو پارٹی سے نکالنے کا حکم نامہ جاری کر تے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و ضبط غربی سندھ کی طرف سے فیصلہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق سینٹ انتخابات میں ضمیر فروشی کے مرتکب افراد کیخلاف سخت اور مثالی کارروائی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے بعد تحریک انصاف سندھ کے اراکین اسمبلی کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے والی پہلی جماعت بن گئی ٗ پاکستان تحریک انصاف نے جماعتی حکمتِ عملی سے روگردانی کرنے والے 2 اراکین سندھ اسمبلی پی ایس ون جیکب آباد 1 سے اسلم ابڑو اور پی ایس 18/گھوٹکی 1 سے شہریار خان شر کو پارٹی سے نکالنے کا حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔ سندھ سے تعلق رکھنے والی دونوں اراکین صوبائی اسمبلی کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کر دی گئی۔تحریک انصاف کی قائکہ کمیٹی برائے نظم ضبط سندھ کی طرف سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق دونوں اراکان کے کیخلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کی بھی سفارش کی گئی ہے۔اعلا میہ میں کہا گیا ہے کہ سینٹ انتخابات کے دوران اسلم ابڑو اور شہریار شر نے جماعتی احکامات سے روگردانی کی، دونوں اراکین سندھ اسمبلی کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا، واضح اور حتمی شواہد کی پڑتال اور ملزمان کی جانب سے صفائی پیش نہ کئے جانے پر معاملہ نمٹا رہے ہیں۔اعلامیہ کے مطابق اسلم ابڑو اور شہریار شر کی بنیادی رکنیت ختم کرکے دونوں کو فوری جماعت سے نکالا جائے، الیکشن کمیشن سے رجوع کرکے دونوں اراکینِ سندھ اسمبلی سے اسمبلی رکنیت بھی واپس لی جائے گی ٗملزمان قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب غربی سندھ، کراچی کے اس فیصلے کیخلاف مرکزی سکیڈ کے روبرو 7 یوم میں اپیل دائر کرنے کے مجاز ہیں۔