جے یو آئی کے گرفتار ایم این ایز کو رہا کر دیا گیا

جے یو آئی کے گرفتار ایم این ایز کو رہا کر دیا گیا
اسلام آباد: (پبلک نیوز) حکومت کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی) کے گرفتار اراکین قومی اسمبلی اور رضاکاروں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے رہائی پر تمام کارکنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں اور اپوزیشن قائدین و کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ قیادت کی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔ مولانا فضل الرحمان کا گذشتہ روز کے دلخراش واقعے پر عوام اور کارکنوں کے نام اہم پیغام میں کہنا تھا کہ پارلیمنٹ لاجز میں اسلام آباد پولیس نے تمام قوانین اور اخلاقیات کو روندتے ہوئے دھاوا بولا۔ ممبران پارلیمنٹ پر بلا جواز تشدد کیا گیا۔ قوم کے منتخب نمائندوں کو گھسیٹتے ہوئے گرفتار کیا۔ جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ واقعے کی غلط تصویر اور جھوٹ پر مبنی بیانیہ قوم کے سامنے رکھ کر تاریخ کے صفحات پر اپنے سیاہ کردار کی پردہ پوشی کی بھونڈی کوشش کی۔ دیگر جماعتوں کے کارکنوں اور عوام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہماری آواز پر لبیک کہتے ہوئے فوری ردعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک کو ایک گھنٹے سے کم وقت میں جام کر دیا گیا تھا۔ کارکنوں اور عوام کو اس فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صبح ہونے سے پہلے ہی تمام ممبران قومی اسمبلی اور کارکن رہا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رہائی نہ ملنے کی صورت میں ہم دوبارہ سڑکوں پر آنے کے لئے فیصلہ کیا تھا لیکن اب اس کی ضرورت باقی نہیں رہی۔ جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں شکرانہ کے نوافل ادا کریں۔ آئندہ بھی اللہ تعالی سے فتح ونصرت کے لئے اجتماعی اور انفرادی دعاؤں کا خاص اہتمام کریں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ رجوع الی اللہ ہماری کامیابیوں کی ضمانت ہے۔ اللہ سے امید ہے کہ آئندہ بھی اور خاص طور پر عدم اعتماد کی تحریک میں ہمیں اللہ کامیابی عطا کرے گا۔ ان نااہل نالائق اور ناجائز حکمرانوں سے اللہ قوم کو نجات عطا کرے گا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔