الیکشن کمیشن کا سینیٹ انتخابات اپریل کے پہلے ہفتے میں کرانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کا سینیٹ انتخابات اپریل کے پہلے ہفتے میں کرانے کا فیصلہ
کیپشن: Election Commission's decision to hold Senate elections in the first week of April

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سینیٹ انتخابات اپریل کے پہلے ہفتے میں کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسران کا تقرر کردیا، صوبائی اسمبلیوں میں صوبائی الیکشن کمشنرز ریٹرننگ افسران کے فرائض سرانجام دیں گے۔

اسلام آباد کے لیے ڈی جی ٹریننگ سعید گل ریٹرننگ افسر تعینات کردیے گئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز کردیا۔

چاروں صوبوں،اسلام آباد اور سابق فاٹا سے منتخب 49 سینیٹرز اپنی چھ سالہ مدت پوری کرنے پرآج ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔

چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسحاق ڈار،سینیٹر میاں رضا ربانی اور سینیٹر مشاہد حسین سید سمیت کئی دیگر  شخصیات آج ریٹائرڈ ہورہی ہیں۔

پیپلز پارٹی کے 12، مسلم لیگ (ن) کے 11، پی ٹی آئی کے 8، جے یو آئی کے 2 ،نیشنل پارٹی کے 2 اور ایم کیو ایم ،پختونخوا ملی عوامی پارٹی، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ فنکشنل کے ایک ایک سینیٹر آج ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔ 

سندھ سے ریٹائرڈ ہونے والے سینیٹرز میں انور لال ڈین،ڈاکٹر فروغ نسیم،رخسانہ زبیری، امام الدین شوقین، خالدہ سکندر، میاں رضا ربانی، مولا بخش چانڈیو، قرۃ العین مری،سید علی شاہ جاموٹ، سید مظفر حسین شاہ اور سید وقار مہدی شامل ہیں۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والی عابدہ عظیم،احمد خان،مولوی فیض احمد،اکرم خان، صادق سنجرانی، طاہر بزنجو،نصیب اللہ بازئی ، ثنا جمالی اور سردار شفیق ترین بھی فارغ ہوجائیں گے۔

اسلام آباد سے مشاہد حسین سید اور اسد جونیجو سمیت سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز ہلال الرحمان، شمیم آفریدی، مرزاخان آفریدی اور سینیٹر ہدایت اللہ خان بھی ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔

ریٹائرڈہونے والے سینیٹرز میں خیبرپختونخوا کے بہرامند خان تنگی، دلاور خان، فیصل جاوید ،فداخان ،اعظم سواتی،طلحہ محمود خان،مشتاق احمد خان،ڈاکٹر مہر تاج روغانی، روبینہ خالد اور پیر صابر شاہ شامل ہیں۔

پنجاب  سے ڈاکٹر شہزاد وسیم ،ڈاکٹر آصف کرمانی، حافظ عبدالکریم ،کامران مائیکل ، اسحاق ڈار، مصدق ملک، نزہت صادق، رانا محمود الحسن، سیمی زیدی اور شاہین خالد بٹ شامل ہیں۔

14 مارچ کو سینیٹ ضمنی الیکشن: 

14 مارچ کو سینیٹ کے ضمنی الیکشن کیلئےاسلام آباد کے ریٹرنگ افسر ظفر اقبال نے امیدواروں کا فارم 54 جاری کر دیا۔

سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی میں مقابلہ ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ پولنگ صبح 9 سے چار بجے تک ہو گی۔