جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں صدر کا بھائی رشوت لیتے ہوئے گرفتار

 جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں صدر کا بھائی رشوت لیتے ہوئے گرفتار
کیپشن: صدر کا بھائی رشوت لیتے ہوئے گرفتار

ویب ڈیسک: جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں صدر کے بھائی کو رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس حوالے سے صدر ڈینا بیلوآرٹ سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکام نے جمعہ کو بتایا کہ بھائی کے خلاف تحقیقات کرنے والی پولیس فورس کے خاتمے کے حکم کے حوالے سے صدر ڈینا بیلوآرٹ کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔ صدر کے بھائی نیکانور بیلوآرٹ اور صدر کے وکیل کو رشوت ستائی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پیرو کے محکمہ انصاف نے بتایا ہے کہ نیکانور اور 10 مشتبہ افراد 10 دن تک ابتدائی حراستی مرکز میں رکھے جائیں گے۔

قیمتی رولیکس گھڑیوں اور زیورات کے حوالے سے صدر ڈینا بیلوآرٹ کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔ پیرو کے اٹارنی جنرل نے بتایا ہے کہ اس امر کا بھی جائزہ لیا جارہا ہےکہ صدر ڈینا بیلوآرٹ اور وزیرِ داخلہ والٹر آرٹِز نے پولیس یونٹ کی تحلیل کے حوالے سے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال تو نہیں کیا۔

 اٹارنی جنرل جوآن کارلوس وِلینا نے بتایا کہ متعلقہ اتھارٹی اپنے آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ پولیس یونٹ کو بحال کیا جائے۔ حکام نے بتایا کہ جمعہ کو صدر کے بھائی کے مکان سمیت 20 املاک کی تلاشی لی گئی۔

نیکانور بیلوآرٹ پر ایک ایسا جرائم پیشہ گروہ چلانے کا الزام ہے جو اعلیٰ عہدوں پر تقرر کے حوالے سے اثر و رسوخ کا حامل تھا۔ پولیس نے صدر ڈینا بیلوآرٹ کے وکیل میٹیو کاسٹانیڈا کے مکان کی بھی تلاشی لی۔

Watch Live Public News