ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل کے اجلاس کی 2 مرتبہ تاریخ میں تبدیلی کی وجوہات سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کا جنرل کونسل کا اجلاس پہلے 7 پھر 11 اور پھر 28 مئی کو طلب کیا گیا،نواز شریف ن لیگ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے خواہش مند ہیں۔پہلے پارٹی کے صرف پارٹی صدر اور جنرل سیکرٹری کے عہدے پر تبدیلی کی جانی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف جنرل الیکشن میں اچھی پرفارمینس نہ دکھانے والے عہدے داران کو تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں،مرکز سمیت چاروں صوبوں جی بی میں پارٹی قیادت کی تبدیلی بھی زیر غور ہے جبکہ پارٹی کو عوامی سطح پر فعال منظم بنانے کےلئے حکومتی اور تنظیمی عہدے الگ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی از سر نو تنظیم سازی کر کے پارٹی کو نواز شریف کی قیادت میں دوبارہ چاروں صوبوں میں متحرک فعال کیا جائے گا،نواز شریف از سر تنظیم سازی کےلئے پاکستان بھر کادورہ کریں گے،پارٹی کو منظم اور کھوئی ساکھ کو بحال کرنے کے لئے مرکزی سطح سے لیکر یونین کونسل کی سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کی جائے گی۔
جنرل کونسل اجلاس میں چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے مرکزی کونسلرز شرکت کریں گے۔ اجلاس میں مرکزی مجلس عاملہ ، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ بھی اجلاس میں مدعو کئے گئے ہیں۔