اسلام آباد(پبلک نیوز) الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت، الیکشن کمیشن نے وزیر مملکت فرخ حبیب کی درخواست منظور کرلی. الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کو مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے پارٹی فنڈنگ ریکارڈ تک رسائی دے دی. وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سات اکاونٹس ن لیگ اور بارہ اکاونٹ پیپلزپارٹی کے ایسے نکل آئے ہیں جو الیکشن کمیشن سے چھپائے گئے تھے، الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے اکاونٹس کی جانچ پڑتال کے لیے ریکارڈ تک رسائی دی جائی ، الیکشن کمیشن نے ہماری درخواست قبول کر لی ہے. ان کا کہنا تھا کہ آج دونوں جماعتوں کو بڑی شکست ہوئی تھی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو لینے کے دینے پڑ گئے ہیں، تمام حقائق سامنے آئیں گے، جو مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی قوم سے چھپا رہے تھے، بلاول بھٹو اور مریم نواز کے جعلی اکاؤنٹس سامنے لائیں گے، یہ وہ لوگ ہیں جو التوا کے پیچھے چھپ جاتے تھے، اب بھاگنے نہیں دینگے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے ریکارڈ کا جائزہ لیکر سکروٹنی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے. ہمارے فنانشل ایکسپرٹس دونوں جماعتوں کے اکاؤنٹس کا جائزہ لینگے.