ویب ڈیسک: ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے موٹر سائیکل پر خاتون کا پیچھا کرنے والے ملزم کو فوری گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق خاتون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں خاتون دفتر سے چھٹی کے بعد بس سٹینڈ سے شاہدرہ چنگ چی رکشہ میں گھر واپس جا رہی تھی۔موٹر سائیکل سوار شخص نے میرا پیچھا کرنا شروع کر دیا، ملزم نازیبا الفاظ استعمال کر رہا تھا،مسلسل تعاقب اور ہراساں کر رہا تھا، خاتون نے ملزم کو روکنے کی کوشش کی، مگر وہ باز نہ آیا۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ باز نہ آنے پر خاتون نے فوری طور پر 15 پر کال کر کے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے مدد طلب کی۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوری طور پر پولیس کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی نشاندہی پر ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔خواتین کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 15 کال یا ویمن سیفٹی ایپ کا استعمال کریں, خواتین 15 کال پر 2 دبا کر ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے رابطہ کر سکتیں ہیں۔