حکومت نےآئینی ترامیم کا ڈرافٹ جے یو آئی کےساتھ شیئر کر دیا

حکومت نےآئینی ترامیم کا ڈرافٹ جے یو آئی کےساتھ شیئر کر دیا
کیپشن: حکومت نےآئینی ترامیم کا ڈرافٹ جے یو آئی کےساتھ شیئر کر دیا

ویب ڈیسک: حکومت نے 26ویں آئینی ترمیم کا ڈرافٹ کمیٹی میں پیش کردیا، فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلی بار اپنا ڈرافٹ شیئر کیا ہے، کچھ نہیں کہہ سکتے کہ اتفاق رائے کب تک ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سیاسی جماعتوں کی مسودہ کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں حکومت کی جانب سے وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے آئینی ترمیمی مسودہ کمیٹی کے سامنے رکھا۔

کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ اپنا ڈرافٹ شیئر کیا ہے، پیپلز پارٹی کی جانب سے جو تجاویز آئیں وہ بھی اجلاس میں شیئر کی گئی ہیں، جو تجاویز جے یو آئی کی تھیں وہ بھی یہاں زیر بحث آئیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کوشش ہے کہ اتفاق رائے پیدا کیا جائے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کب تک اتفاق رائے ہوجائے گا، ابھی اس معاملے پر مزید مشاورت ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر 

خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آئینی ترامیم کا مجوزہ ڈرافٹ دیا ہے، اس میں بھی ابہام ہیں،ڈرافٹ پر مزید مشاورت کی جائے گی ۔ کمیٹی کے مزید اجلاس ہوں گے، حکومت نے اسمبلی کا اجلاس عجلت میں بلانے کی کوشش کی،اب اجلاس ایس سی او کے بعد ہو گا،کوئی ترمیم قومی مفاد کے برعکس اور فردواحد کی حمایت میں نہ ہو۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ کسی خاص پارٹی کو ٹارگٹ نہ کیا جائے،آئین میں ترمیم بری چیز نہیں ہے، وقت کے ساتھ چیزیں بہتر ہوتی ہیں۔

بیرسٹر گوہر 

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کچھ تجاویز تھیں وہ ہمارے پاس آئی ہیں، وزیر قانون کی طرف سے کچھ تجاویز ہمارے پاس پہنچی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس کوئی ایسا ڈرافٹ نہیں آیا جسے ہم سمجھیں کہ یہ فائنل ہے، ہم تجویز تب دیں گے جب ہمارے پاس ڈرافٹ ہو گا کہ اس کا یہ خدو خال ہے، حکومت کی طرف سے کوئی ایسی چیز نہیں آئی نہ ہم نے دیکھی۔ 

بعد ازاں پارلیمانی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا۔پیپلز پارٹی ،ن لیگ اور جے یو آئی ف نے اپنا اپنا مسودہ اجلاس میں پیش کردیا ۔

Watch Live Public News