(ویب ڈیسک ) سعودی عرب کی مشہور البیک فوڈ سسٹم کمپنی کے کاروبار کو پاکستان میں لانے کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے پاکستانی کمپنی ’ گو‘ اور سعودی کمپنی میں مفاہمت کی یادداشت ( ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت برائے سرمایہ کاری نے البیک کے اپنے کاروبار کو پاکستان میں لانے کی کوششوں میں تعاون کیا ہے۔
یہ اہم اقدام سعودی وژن 2030 کے مقاصد کی عکاسی کرتا ہے جس میں بھرپور قومی مہارت کی برآمدات کو بڑھانا اور عالمی سطح پر سعودی تجارت کو توسیع دینے کے لیے نئے افق کھولنا ہے۔
سعودی عرب کی ’ البیک‘ اور پاکستان کی ’ گو‘ کمپنی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح کی سرپرستی میں منعقد ہوئی جس میں پاکستانی وزیراعظم اور سعودی اور پاکستانی کمپنیوں کے اعلیٰ سطح کے وفود نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق معاہدے پر دستخط کی یہ تقریب سعودی برانڈز کو بین الاقوامی سطح پر وسعت دینے اور عالمی اقتصادی میدان میں مملکت کی حیثیت کو بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کی وزارت کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔
سعودی وزارت سرمایہ کاری کے مطابق اس یادداشت پر دستخط کا مقصد اسلامی جمہوریہ پاکستان میں البیک ریستوران قائم کرنے اور چلانے کے لیے ایک سٹریٹجک شراکت داری کے امکان کو تلاش کرنا ہے، جو پاکستان تک البیک کی توسیع کی حکمت عملی میں ایک اہم قدم ہے۔