پیپلز پارٹی کا مولانا فضل الرحمان کو چیلنج

پیپلز پارٹی کا مولانا فضل الرحمان کو چیلنج

کراچی(پبلک نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمان کو 10 سوالوں کے جواب دینے کا چیلنج کردیا.

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جمولانا فضل الرحمان میں اگر اخلاقی جرات ہے تو ان سوالات کا جواب دینے کے لئے کسی بھی پلیٹ فارم پر آجائیں، مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ دو سال پہلے زرداری ہاؤس میں ہونے والی افطار پارٹی میں تاخیر سے کیوں آئے؟ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ وہ کون لوگ تھے کہ جن سے ملاقات کی وجہ سے آپ افطار پارٹی میں تاخیر سے آئے؟ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ آزادی مارچ کو کس کے کہنے پر اور کس معاہدے کے تحت ختم کیا؟

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان صاحب آزادی مارچ کے خاتمے کی شرائط کو عوام کے سامنے کیوں نہیں لاتے؟ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ استعفوں کا معاملہ بیچ میں لاکر آپ نے لانگ مارچ کو کیوں اور کس کے کہنے پر رکوایا؟ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے آپ نے سندھ حکومت سے کیوں ڈی سی اور ایس پی کو لگوانے کی فرمائشیں کیں؟ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم کو استعمال کرکے آپ نے ٹھیکوں کے حصول اور تعمیراتی بلوں کے اجراء کی کوششیں کیوں کی؟

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ سندھ میں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کرکے وفاق میں پی ٹی آئی کے خلاف جدوجہد کیا دوہری پالیسی نہیں؟ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ پی ٹی آئی کو چھوڑ کر آپ نے پاکستان پیپلزپارٹی کو کس کے کہنے پر نشانہ بنانا شروع کیا؟ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ آپ نے استعفوں کا جو اعلان کیا تھا، اس پر ابھی تک عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔