اسلام آباد: ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے استعفی دے دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پراسکیوٹر جنرل اصغر حیدر کے بعد ڈپٹی چئیرمین نیب بھی مستعفی ہو گئے ہیں، ڈپٹی چئیرمین نیب نے اپنا استعفی چئیرمین نیب کو جمع کرا دیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ظاہر شاہ ذاتی وجوہات کی بنا پر مزید کام جاری نہیں رکھنا چاہتے تھے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل پراسیکیوٹر جنرل نیب جسٹس ریٹائرڈ سید اصغر حیدر نے استعفیٰ دے دیا تھا، اصغر حیدر کی مدت ملازمت فروری 2024 میں مکمل ہونا تھی۔ فروری 2021 میں پی ٹی آئی حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے سید اصغر حیدر کو 3 سال کی توسیع دی تھی۔ استعفیٰ 15 ستمبر سے نافذ العمل ہو گا۔ اصغر حیدر نے استعفیٰ دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ذاتی وجوہات پر استعفیٰ دیا ہے۔