حیرت انگیز خصوصیات کے حامل AI سے لیس پلے اسٹیشن 5پرو کی تاریخ کا اعلان

حیرت انگیز خصوصیات کے حامل AI سے لیس پلے اسٹیشن 5پرو کی تاریخ کا اعلان
کیپشن: حیرت انگیز خصوصیات کے حامل AI سے لیس پلے اسٹیشن 5پرو کی تاریخ کا اعلان

ویب ڈیسک: ڈیجیٹل الیکٹرانکس مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی سونی نے منگل کو بتایا کہ وہ پلے اسٹیشن کا ایک نیا ورژن لانچ کرنے والی ہے جس کے گرافکس زیادہ بہتر ہوں گے اور اس میں مصنوعی ذہانت کی صلاحیتیں بھی موجود ہوں گی۔

سونی ویڈیو گیمز کے اپنے مقبول کنسول کے نئے ورژن کو پلے اسٹیشن فائیو پرو کے نام سے سامنے لا رہا ہے اور اسے 7 نومبر کو پیش کر دیا جائے گا۔

جاپانی کمپنی کے گیمنگ ڈویژن کے لیے یہ سال اچھا نہیں رہا اور اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کا گیمنگ کنسول پلے اسٹیشن 5 اپنے فروخت کے اہداف پورے کرنے میں ناکام رہا جس کی وجہ سے پلے اسٹیشن کو اس سال فروری میں اپنی ملازمتوں میں 900 کی کٹوتی کرنی پڑی تھی۔

اس صورت حال کا سامنا صرف سونی کو ہی نہیں ہوا بلکہ ویڈیو گیمنگ کی پوری انڈسٹری کے لیے یہ مشکلات کا سال ثابت ہوا ہے۔ کوویڈ۔19 کے پھیلاؤ کے دور میں جب لوگ اپنے گھروں میں بند تھے، ویڈیو گیمز میں لوگوں کی دلچسپی بڑھی تھی اور گیمنگ انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ لیکن اب زیادہ تر سرمایہ کار اپنا ہاتھ کھینچ چکے ہیں۔

سونی پلے اسٹیشن کے ایک اہم عہدے دار مارک سرنی نے اپنے ایک مختصر ویڈیو اعلان میں پلے اسٹیشن فائیو پرو کی چیدہ چیدہ خصوصیات کا ذکر کیا ہے۔

نئے کنسول کی قیمت 770 ڈالر سے لیکر لگ بھگ 880 ڈالر کے درمیان ہوگی جو پاکستان میں دو لاکھ چودہ ہزار سے دو لاکھ 45 ہزار کے برابر ہے۔ یہ قیمت پلے اسٹیشن فائیو سے تقریباً 275 ڈالر زیادہ ہے۔

مارک سرنی کے مطابق نئے ماڈل میں ہارڈ ویئر کو بہتر بنایا گیا ہے جس سے ویڈیو گیم زیادہ تیزی سے چل سکے گی۔ اس کے علاوہ اس کی رینڈرنگ میں بہتری لائی گئی ہے اور نصب کیا جانے والے مصنوعی ذہانت کا نظام کنسول کی کارکردگی میں مجموعی طور پر اضافہ کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بات یہیں تک ختم نہیں ہوتی بلکہ یہ ہمارا اب تک کا سب سے طاقت ور کنسول ہے اور یہ پلے اسٹیشن فائیو کی فیملی میں ایک قابل قدر اضافہ ہے۔

ویڈیو گیمنگ مارکیٹ پر ریسرچ کرنے والی ایک معروف کمپنی نیکوپارٹنرز کے تجزیہ کار ڈینیئل احمد نے بتایا کہ کنسول کا پرو ورژن لانچ کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی 2016 میں سونی نے اپنی فروخت بڑھانے کے لیے پرو ورژن لانچ کیا تھا۔

انہوں نے پیغام رسانی کے پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے کہ پرو ورژن لانے کے باوجود سونی پلے اسٹیشن 4 کا اثر محدود ہی رہا کیونکہ وہ ایک مہنگا پراڈکٹ تھا اور اسے مخصوص صارفین کے لیے لایا گیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو چیز پلے اسٹیشن فائیو کی فروخت بڑھانے کا سبب بن سکتی ہے وہ کنسول کے بنیادی ماڈل کی قیمت کم رکھنا ہے۔

سونی پلے اسٹیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اور بیان میں بتایا گیا ہے کہ پلے اسٹیشن فائیو کی ویڈیو گیمز نئے کنسول پر بھی کھیلی جا سکیں گی۔

سونی انٹریکٹو انٹرٹینمٹ کے بزنس گروپ کے سربراہ ہیدیکی نی شینو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پلے اسٹیشن فائیو نے گیمنگ انڈسٹری پر جو اثرات مرتب کیے ہیں، ہمیں اس پر بجا طور پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پلے اسٹیشن فائیو کے کنسول نے ویڈیو گیمز کے تخلیق کاروں کو اپنی گیمز سامنے لانے اور دنیا بھر میں لاکھوں کھلاڑیوں تک پہنچنے کا موقع فراہم کیا۔ نیا کنسول تخلیق کاروں کو اپنی جدید گیمز لانچ کرنے کے مواقع دے گا۔

اگرچہ سونی گیمنگ کے لیے یہ ایک مشکل سال تھا لیکن جاپانی کمپنی نے دو ہفتے قبل اپنی ایک خصوصی ویڈیو گیم ’کنکرڈ‘ لانچ کی ہے جو خلا کے پس منظر میں ڈیولپ کی گئی ہے۔ اس گیم کو بنانے میں تقریباً 8 سال لگے ہیں۔

Watch Live Public News