پاکستان کیساتھ غیرمتزلزل دوستی قائم رہیگی: چین

پاکستان کیساتھ غیرمتزلزل دوستی قائم رہیگی: چین
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل دوستانہ پالیسی قائم رہے گی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی حالات چاہے کیسے بھی بدلیں، پاکستان کی سیاسی صورتحال میں تبدیلیاں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مجموعی صورتحال پر اثر انداز نہیں ہوںگی۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز نے اپنا منصب سنبھالنے کے فوری بعد قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ ہم پاک چین اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے منصوبوں کی تعمیر میں تیزی لائیں گے اور یہ کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی قیامت تک قائم رہے گی۔ دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی شہباز شریف کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کیساتھ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بے حد خوش ہوں کہ آپ نے ملک کی باگ دوڑ سنبھال لی ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکی کو ایک دوسرے کے دیرینہ دوست اور بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید قربت لانا چاہتے ہیں۔ یہ بھی پڑھیں: جمہوری پاکستان امریکا کے مفادات کیلئے اہم ہے دوسری جانب امریکا نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کے پاکستان کے 23ویں وزیراعظم منتخب ہونے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیموکریٹک پاکستان ہمارے مفادات کیلئے اہم ہے۔ یہ بیان وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی کی جانب سے دیا گیا ہے۔ انہوں نے ایک میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ہم پاکستان میں جمہوری اصولوں پر پرامن عمل درآمد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ جین ساکی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کیساتھ اپنے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ امریکا نے جمہوری اور خوشحال پاکستان کو ہمیشہ اپنے مفادات کیلئے اہمیت دی ہے۔ پاکستان میں حکومت یا قیادت کوئی بھی ہو، اس میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔ یقینی طور پر امریکا قانون کے تحت مساوی انصاف کے اصولوں اور قانون کی حکمرانی کی حمایت کرتا ہے۔ اس موقع پر ایک صحافی نے وائٹ ہائوس کی پریس سیکرٹری سے پوچھا کہ کیا اب صدر جوبائیڈن پاکستان کے نئے وزیراعظم شہباز شریف کو فون کریں گے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے جین ساکی کا کہنا تھا کہ اس وقت اس معاملے پر میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔