ویب ڈیسک: پاکستان کے چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد کی جانب سے 9 ستمبر کو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے اس خصوصی اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ میں تعینات جسٹس عائشہ اے ملک کو سپریم کورٹ کا جج بنائے جانے پر غور کیا جائے گا۔ عدالت عظمیٰ میں جسٹس مشیر عالم 17 اگست کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے جن کی جگہ پر جسٹس عائشہ ملک کی تعیناتی کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کی عدالتی تاریخ کے دوران ابھی تک کوئی بھی خاتون جج سپریم کورٹ میں تعینات نہیں کی گئیں۔ اگر جوڈیشل کمیشن کی جانب سے منظوری مل گئی تو جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج بنیں گی۔ خیال رہے کہ جسٹس عائشہ ملک کی عمر 55 سال جبکہ وہ 2012 سے لاہور ہائی کورٹ میں تعینات ہیں۔ انھوں نے پیرس، نیویارک، کراچی اور لاہور سے تعلیمی ڈگریاں مکمل کیں جبکہ لاہور سے ایل ایل بی اور ایل ایل ایم ہارورڈ لاء سکول امریکا سے کیا۔ اس وقت جسٹس عائشہ اے ملک کا لاہور ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں چوتھا نمبر ہے جبکہ 2 جون 2028 کو ریٹائر ہو جائیں گی۔