کاملہ ہیرس کاغزہ میں جنگ بندی کامطالبہ

کاملہ ہیرس کاغزہ میں جنگ بندی کامطالبہ
کیپشن: کاملہ ہیرس کاغزہ میں جنگ بندی کامطالبہ

ویب ڈیسک: نائب امریکی صدر اور ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کاملہ ہیرس نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلا ت کے مطابق غزہ کے التابعین اسکول پر گزشتہ روز اسرائیلی حملے سے متعلق میڈیا سے گفتگو میں کاملہ ہیرس کا کہنا تھا کہ غزہ میں ایک بار پھر کئی شہریوں کی اموات ہوئی ہیں۔

کاملہ ہیرس نے کہا کہ اسرائیل کو دہشت گردوں سے نمٹنے کا حق حاصل ہے لیکن میں نے پہلے بھی بارہا کہا ہے کہ عام شہریوں کی ہلاکتوں سے گریز کرنا اہم ذمہ داری ہے۔

کاملہ ہیرس نے زور دیا کہ ہمیں یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے معاہدے کی ضرورت ہے، یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی معاہدہ اب ہو جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ کاملہ ہیرس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل غزہ میں بے گھر لوگوں کو پناہ دینے والے اسکول پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے میں 120 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

یہ حملہ اُس وقت ہوا جب اسکول میں پناہ لینے والے لوگ فجر کی نماز ادا کر رہے تھے، اِس ہولناک واقعے کی دنیا بھر میں مذمت کی جارہی ہے۔

غزہ پر اسرائیلی حملے گزشتہ برس 7 اکتوبر سے جاری ہیں جب حماس نے جنوبی اسرائیل میں حملہ کردیا تھا، اس حملے میں 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے، ان میں زیادہ تر عام شہری تھے شامل تھے اور 250 سے زیادہ یرغمالیوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اس حملے کے بعد سے غزہ پر اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں تقریباً 40 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

Watch Live Public News