گزشتہ چند روز سے پاکستان کے مشہور کامیڈینز آغا ماجد اور سلیم البیلا کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں کامیڈینز پر دبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں موجود حاضرین بھڑک اٹھے۔ انہوں نے دونوں کو پکڑ کر سرعام معافی منگوائی۔ اب اس ویڈیو پر بات کرتے ہوئے کامیڈین سلیم البیلا کے فیس بک پیج پر ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ چند دن پہلے پاکستان کے دو کامیڈین سلیم البیلا اور آغا ماجد دوبئی میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے گئے تھے جہاں دوران پرفارمنس دونوں فنکاروں نے پٹھان بھائیوں کے بارے میں کچھ لطائف سنائے ، جس پر ہال میں موجود ایک پٹھان بھائی غصے میں آ گیا تھا اور اس نے اسٹیج پر آکے دونوں فنکاروں سے کہا کہ وہ ہمارے بارے میں ہی ایسی باتیں کیوں کرتے ہیں ، جس پر دونوں فنکاروں نے کہا کہ یہ کامیڈی کا ایک انگ ہے لیکن اگر آپ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کرنے سے آپ کی دل آزاری ہوئی ہے تو ہم پٹھان بھائیوں سے معذرت چاہتے ہیں . پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ اس بد مزگی پر دوسرے پٹھان بھائی سامنے آئے اور انہوں نے تمام پٹھانوں کے ساتھ مل کر سلیم البیلا اور آغا ماجد سے اپنے پٹھان بھائی کی طرف سے کی جانے والی زیادتی کی معذرت کی ، دونوں فنکاروں کے اعزاز میں پٹھان بھائیوں نے عشائیہ دیا جس میں وہ پٹھان بھائی بھی شامل تھا جس نے اسٹیج پر آکر غصے کا اظہار کیا تھا، اس ویڈیو میں وہ پٹھان بھائی موجود ہیں اور معذرت خواہ ہیں ، یہ سب کچھ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا تھا لہذا دونوں اطراف سے معذرت ہو گئی ، پٹھان بھائیوں نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلیم البیلا اور آغا ماجد کو پھولوں کے گلدستے بھی پیش کئے ۔