لاہور: وزیراعلی پنجاب کے اعتماد کے ووٹ لینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کے اعتماد کے ووٹ لینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 12 جنوری کے اجلاس میں وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے اسمبلی سے 186 اراکین کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے ،ووٹنگ کی کارروائی کے دوران متحدہ اپوزیشن نے بائیکاٹ کر کے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا تھا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے حکومت کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا اور سینئر وزیر اسلم اقبال اور راجہ بشارت کے نام پکار کر انہیں قرار داد پیش کرنے کی ہدایت کی۔جس کے بعد اعتماد کے ووٹ کیلئے میاں اسلم اقبال اور راجہ بشارت نے قرارداد پیش کی اور پھر ووٹنگ کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ تمام اراکین نے باری باری اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا ۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی گنتی ہوئی اور پھر اسپیکر سبطین خان نے یہ اعلان کیا کہ چوہدری پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لے کر ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے۔ اسپیکر کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے اراکین نے ڈائس بجائیں جب کہ باری باری سے پرویز الہیٰ کو مبارک باد بھی پیش کی ۔