لیپا ( پبلک نیوز) مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یوں تو ہر پاکستانی کشمیری ہے اور کشمیر سے محبت کرتا ہے مگر میری رگوں میں کشمیر کا خون ہے ،آپ کا جذبہ بتا رہا ہے کہ کشمیر میں پھر شیر آرہا ہے، میں ایک ووٹ چور جو یہاں نظر لگا کر بیٹھا ہے اس کو بتانا چاہتی ہوں کہ کشمیر کے ہر چپے چپے سے یہ آواز آرہی ہے کہ مک گیا تیرا شو نیازی ، گو نیازی ۔ نیازی میرے لئے محترم ہیں ، میں بطور قبیلہ ان کی عزت کرتی ہوں اس لئے گو عمران گو زیادہ بہتر ہے۔عوام کہہ رہی ہے کہ آٹا چورو ، چینی چورو جان چھوڑو۔ لیپا ویلی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان لیپا ویلی آکر اپنا وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہیں، کشمیر نے اپنا فیصلہ پہلے ہی سنا دیا ہے۔آپ کا رزق کسی وفاقی حکومت کے ہاتھ میں نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔میں یہاں ووٹ مانگنے نہیں آئی بلکہ اس بات پر خوش ہوں کہ اس کمپین نے مجھے کشمیر کے چپے چپے کی سیر کروا دی۔شرم آنی چاہئے ان لوگوں کو جو کہتے ہیں کہ نواز شریف فوج کے ادارے کا مخالف ہے، نواز شریف محب الوطن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ اپنانا ہے تو اداروں کو نواز شریف کا بیانیہ اپنانا ہو گا، عمران خان یہاں ووٹ مانگنے آ رہا ہے ، اس سے پوچھنا کہ تم نے ان تین سالوں میں پاکستان کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا ہے تو کیا تم کشمیریوں کا آٹا اور چینی بھی چھیننے آرہے ہو، کیا تم بھکاریوں کی طرح ایک ایک کلو چینی کیلئے کشمیریوں کو بھی قطار میں لگانے آ رہے ہو، ووٹ چور کشمیر چور عمران خان اور ان کے وزرا یہاں پر پیسے بانٹتے کھلے عام پکڑے گئے ہیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ عمران خان تین سال میں سلیکٹرز کو ساتھ ملا کر نواز شریف کیخلاف تم نے جو ووٹ چوری کا بیانیہ کھڑا کیا ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم وہ منہ کے بل گر پڑا ہے، نواز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ، شاہد خاقان عباسی ، حمزہ شہباز شریف، شہباز شریف، خواجہ سلمان رفیق، مفتاح اسماعیل ، خواجہ آصف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ تمہارا کرپشن کا بیانیہ منہ کے بل زمین پر پڑا ہے۔