کراچی ( پبلک نیوز) کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر حکومت سندھ نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس صورتحال کے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شادی ہال، مویشی منڈی، مارکیٹ اور ایسٹوراٹ سیل کیے جائیں گے۔ ان انھوں نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں وہاں سمارٹ لاک ڈائون لگایا جائے۔ اجلاس میں محکمہ صحت نے پرائمری تک اسکول بند کرنے کی تجویز دی۔ محکمہ صحت کی جانب سے انڈور ڈائننگ پر پابندی اور ہفتہ میں 2 روز کاروبار بند کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ محکمہ صحت کی تجاویز وزیر اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں ٹاسک فورس کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صوبہ میں 3.35 ملین ویکسینیشن کی گئی ہیں۔ 647 ویکسینیشن سینٹر اور 347 موبائیل ٹیموں کے زریعے ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔ سید ممتاز علی شاہ نے ہدایت کی کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ویکسینیشن کے ٹارگیٹ کو مکمل کریں۔ کراچی میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔ ویکسینیشن کے لیے موبائیل ٹیمیں بڑھائی جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری صحت سمیت تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی