ملک بھر میں بارشیں،پانی گھروں میں داخل، مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق

ملک بھر میں بارشیں،پانی گھروں میں داخل، مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق
کیپشن: لاہور سمیت ملک بھر میں موسلادھاربارش ،نشیبی علاقے زیرآب،بجلی غائب

ویب ڈیسک: لاہور،اسلام آبادسمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھاربارش  سےموسم خوشگوار ہو گیا،نشیبی علاقے زیرآب،متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ شیخوپورہ ، فیروزوالہ ، شکر گڑھ میں چھتیں گرنے ، کرنٹ لگنے اور آسمانی بجلی گرنے سے  ا یک بچے سمیت  7 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں علی الصبح تیز ہوا کیساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر بادل برسے۔

لاہور جی پی او چوک بھاٹی گیٹ اردو بازا مال روڈ میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفےسے جاری ہے۔صبح سویرے ہونے والی طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ لکشمی چوک حاجی کمیپ ریلوے اسٹیشن میں 3 ,3 فٹ پانی کھڑا ہوگیا ہے۔

ملتان چونگی،مصطفیٰ ٹاؤن،کریم مارکیٹ،وحدت کالونی،پنجاب یونیورسٹی،علامہ اقبال ٹاؤن،اللہ ہوچوک،ماڈل ٹاؤن،پنڈی سٹاپ،قائداعظم انڈسٹریل ایریا،واپڈاٹاؤن سمیت مختلف مقاما ت پر بادل برسے۔

لاہور کے علاقے گلبرگ، کلمہ چوک، لبرٹی مارکیٹ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن اور فیصل ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی برسات کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور کے باہر  کئی کئی فٹ تک برساتی پانی کھڑا ہوگیا۔

لاہور میں موسلادھار بارشوں کے بعد سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔سب سے زیادہ تاج پورہ میں 391 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے سابق  تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ۔جیل روڈ 38، ایئرپورٹ 61، گلبرگ 41، لکشمی چوک 81، اپر مال 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور کے علاقے مغل پورہ 95، نشتر ٹاؤن میں 40، ناخدا چوک میں 59 اندرون لاہور میں 71 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

لاہور کے علاقے فرخ آباد میں 42، گلشن راوی میں 68 اقبال ٹاؤن میں 59 سمن آباد میں 62 جوہر ٹاؤن میں 22 قرطبہ چوک میں 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں قصور، ٹک، چونیاں اور منچن آباد میں بھی بارش ہوئی، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جمعہ کی علی الصبح اسلام آباد و راولپنڈی میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

بجلی کا نظام متاثر،300فیڈرٹرپ

بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی متاثر  ہوگیا۔شہر لاہور میں شدید بارش کے باعث 300فیڈرز ٹرپ کر گئے۔شہر لاہور کے مخلتف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ شہری بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں۔

لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر بارش کا پانی کھڑا

لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر بارش کا پانی کھڑا ہوگیا جبکہ واسا کا عملہ موجود نہ ہونے سے ابھی تک پانی کو نہیں نکلا گیا جس سے سائلین اور وکلاء کو مشکلات کا سامنا  ہے۔

وکلاء کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹے سے بارش روکی ہے لیکن پانی نہیں نکلا جارہا،واسا کا عملہ بھی موجود نہیں ہیں۔

مختلف حادثات میں چھتیں گرگئیں

ریسکیو1122 حکام کا کہنا ہے کہ جان محمد روڈ الھمرہ ٹاون نزد Architects Society سے گھر میں ٹی آر گارڈر کی چھت گر گئی۔ریسکیو ایمرجنسی گاڑیاں جائے حادثہ پر موجود ہیں،ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق ہوا،بچے کی شناخت 2 سالہ عبدالرحمان سے ہوئی۔ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے پھنسے ایک بچہ کی لاش کو نکال لیا۔

فیروزوالہ میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، بارش ہونے کے باعث گاؤں 44 چک کچا کوٹھا میں گھر کی چھت گر گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گرنے والی چھت  لکڑی کے بالے اور بانسوں سے تیار کی گئی تھی۔ چھت گرنے کے باعث 39 سالہ عورت اور دو بچے نیچے دب گئے۔خاتون اور بچوں کو زخمی حالت میں نکال کر تشویش ناک حالت میں  تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت فوزیہ، اور بچوں میں عالیہ اور واحد شامل  ہیں۔

فیروزوالہ میں تیز آندھی اور بارش کے باعث بجلی کی تاریں ٹوٹ کر سڑک پر آگریں جس سے رکشہ ڈرائیور کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا ۔ڈرائیور کی شناخت عالمگیر کے نام سے ہوئےجو کرائے کا رکشہ چلاتا تھا۔عالمگیر 2 کمسن بچوں کا باپ ہے جبکہ ریسکیو 1122 نے ہسپتال منتقل کر دیا۔

شیخوپورہ

شیخوپورہ غازی پھاٹک کے قریب بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلےدب کر چار افراد جاں بحق ہوگئے  جبکہ 7 افراد زخمی ہیں۔ریسکیو1122 کی امدادی ٹیموں نے دونوں زخمیوں کو ہسپتال شفٹ کر دیا۔

حادثہ شرقپور روڈ صدیقیہ کالونی میلاد چوک کے قریب پیش آیا،حادثہ میں 7 افراد زخمی اور 4جاں بحق ہوئے،حادثہ شدید بارش کی وجہ سے پیش آیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق کال موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں کا فوراً ریسپانس کیا گیا،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر رانا اعجاز احمد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی نگرانی خود کر رہے ہیں،ریسکیو1122 کی امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال شفٹ کر دیا۔ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے چاروں جاں بحق افراد کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا۔

شکرگڑھ

شکرگڑھ شہر،کرتارپور اور مضافات میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،آسمانی بجلی گرنے سے سرحدی گاؤں جلالہ میں 35 سالہ نوجوان جان کی بازی ہارگیا،نوجوان کی شناخت ذیشان عنصر خان کے نام سے ہوئی۔

شدید بارش / وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات 

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انتظامیہ اور واسا حکام کو فیلڈ میں پہنچنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عملہ اور افسر پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک فیلڈ میں رہیں،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نےلاہور سمیت تمام شہروں  میں نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت  کردی۔

 ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہنگامی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر پیشگی تیاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے بلا تعطل کام کیا جائے۔ مختلف شہروں میں مسلسل بارش سے پیدا شدہ صورتحال ہنگامی اقدامات کی متقاضی ہے۔ بارش کے  بعد سڑکوں بازاروں اور گلیوں میں پانی نظر نہیں آنا چاہیے،ٹریفک پولیس روڈز کو کلیر کرائے، ٹریفک جام نہیں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب ممکنہ سیلاب  کے پیش نظر وزیر اعلی پنجاب نے پی ڈی ایم اے اور ضلعی حکومتوں کو الرٹ کر دیا۔

دستاویزات کے مطابق پنجاب حکومت نے سیلاب سے نمنٹنے کے لیے نئی منسٹریل کمیٹی کے بجائے کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو اختیارات سونپ دیے,ضلعی حکومتین دریائی پلوں، بند ، نالوں اور ڈرینز کو کلیئر کروائیں۔پی ڈی ایم اے تمام ضلعی حکومتوں کو ممکنہ سیلاب سے نمنٹنے کے لیے فلڈ فائٹنگ سامان کی ترسیل فوری یقینی بنائی۔

دستاویزات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب نے محکمہ انہار کی جانب سے مرمتی کاموں کے لیے مانگے گئے چار ارب کے فنڈز کی سمری بھی مستردکردی،کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی منظوری سے پی ڈی ایم اے کے ڈسپوزل پر موجود فنڈز مرمتی کاموں کے لیے استعمال کیے جائیں,مرمتی کاموں کے لیے گزشتہ سال کی طرز پر فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

محکمہ انہار نے کہا ہے کہ گزشتہ سال منسٹریل کمیٹی قائم کی گئی تھی جسے مرمتی کاموں کے لیے چار ارب چالیس کروڑ دیے گئے تھے,محکمہ خزانہ کے اعتراضات پر وزیر اعلی پنجاب نے محکمہ انہار کو پی ڈی ایم اے کے ڈسپوزل پر موجود سیلاب کے لیے فنڈز استعمال کرنے کے احکامات دے دیے۔

 

پنجاب

اٹک، ٹیکسلا، چونیاں، منچن آباد، گوجرانوالہ، نارووال، گجرات، قصور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی، بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوش گوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، قصور،رینالہ خورداور پاکپتن میں جل تھل ایک ہوگیا، بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی جبکہ راولپنڈی میں بادل برسنے کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، بارش کے بعد جڑواں شہروں کا موسم خوشگوار ہو گیا جس کے ساتھ ہی شہریوں نے بھی گرمی سے چھٹکارا پانے پر سکھ کا سانس لیا۔

فیروزوالہ/ بارش

فیروزوالہ اور اس کے گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار اور سہانا ہو گیا جبکہ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

مریدکے/ بارش

مریدکےشہر اور گردونواح میں تیز ہواوں کیسارھ موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بارش کے باعث شہر سمیت کئی علاقوں کی بجلی معطل  ہے۔
حافظ آباد / بارش 

حافظ آباد و گرد نواح میں سیاہ بادل اور موسلا دھار بارش سے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئ،مختلف علاقوں کی بجلی بندہوگئی جبکہ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

سیالکوٹ/ بارش

کالی گھٹاؤں اور طوفانی بارش نے دن کو رات میں تبدیل کردیا۔کوٹلی لوہاراں اورگردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش  کےباعث گرمی کی شدت میں کمی اور موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا ہے۔تیز ہوا اور بارشِ کے بعد شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔سیالکوٹ ضلع بھر میں تیز آندھی اور بارش کے باعث بجلی بند  ہے۔

 ظفروال/ بارش

ظفروال  شہر اور اس کے گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور بارش ہوتے ہی بجلی کے  فیڈر ٹرپ کرگئے ہیں۔

کھاریاں /طوفانی بارش نے تباہی مچا دی 

کھاریاں ،ڈنگہ ،گلیانہ ،لالہ موسیٰ ،کوٹلہ میں طوفانی بارش,تیز آندھی سے بجلی کے کھمبے گرنے سے متعدد فیڈر بند بجلی کی سپلائی معطل  ہوگئی،تیز آندھی سے درخت ٹوٹ کر گرنے سے راستے بند ہوگئے اور  لوگوں کے گھروں سے سولر پلیٹ اور دیواریں گرنے کی اطلاعات  ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔

ایکسین واپڈا کا کہنا ہے کہ بجلی کی سپلائی میں جلد بحال ہو جائے گی۔

نارووال/ بارش

نارووال  میں  تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار  ہوگیا،کالی گھٹاؤں کی وجہ سے دن میں رات کا سما ، بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی،پرانی کچہری روڑ پاسپورٹ آفس  سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ٹریفک کی روانی بھی متاثر   ہے جبکہ تیز ہواؤں اور بارش سے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

ننکانہ صاحب/ بارش

ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

شیخوپورہ / بارش

شیخوپورہ اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ صفدر آباد  اور گردونواح میں بھی تیز   بارش  سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور گرمی کا زور ٹوٹ گیاہے۔

کاہنہ/ بارش

کاہنہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع  ہے، ہلکی ہلکی بارش کے ساتھ  موسم  خوشگوار  ہوگیا ہے، بارش کا آغاز ہوتے ہی حسب روایت متعدد علا قوں سے بجلی غائب  ہوگئی۔ٹریفک کی روانی متاثر  ہے۔

قصور/ بارش

قصور شہر اور گردو نواح موسلا دار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا  ہے، بارش کے باعث گرمی اور حبس کا زور بھی ٹوٹ گیا اور بارش کے باعث شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔

چونیاں/ بارش 

چونیاں الہ آباد کنگن پور میں,تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، بارش سے گرمی کی شدت میں کمی، موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ بارش کے ساتھ ساتھ بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری  ہے۔

ساہیوال/ بارش

ساہیوال شہر اور اس کے گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے اور بارش کے باعث گلیوں میں پانی بھر گیا جبکہ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے جبکہ بارش ہوتے ہی بجلی کے  فیڈر ٹرپ کرگئے۔

گیمبر / بارش 

گیمبر اور اس کے گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، بارش سے گرمی حبس  کا زور ٹوٹ گیا موسم خوشگوار ہو گیا ، بارش کے پانی سے گلیاں بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے  جبکہ بارش کے باعث بجلی غائب مختلف فیڈر ٹرپ کر گئے۔

بورے والا/ بارش

بورے والا شہر اور گردونواح میں شدید طوفانی بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، بارش سے سڑکیں اور کلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم جبکہ تمام فیڈر ٹرپ کرگئے اور سیوریج کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہوگیا ہے۔نواحی بستیاں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں۔

پاکپتن/ بارش

پاکپتن میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری  ہے اور بارش سے نشیبی علاقے زیر اب آگئے۔سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ ابر رحمت کے برسنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا موسم خوشگوار ہوگیا  ہے اور بارش کی وجہ سے بجلی کے متعدد فیڈر  ٹرپ کر گئے ہیں۔

چیچہ وطنی/ بارش

چیچہ وطنی شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، بارش سے موسم خوشگوار ,واپڈا اور گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے جبکہ چیچہ وطنی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے,متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کی روانی متاثر ہوگئی۔

خیبر پختونخوا /موسم صورتحال 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاو رسمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم ابرالودع رہنے کاامکان ہے اور خیبر پختونخوا کے بالا ئی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان،بٹگرام،تورغر،مانسہرہ،ایبٹ آباد،ہری پور،باجوڑ،بونیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ نوشہرہ،چارسدہ،پشاور،صوابی،ڈی آئی خان،مہنمد،خیبر،کو ہاٹ،کرک،لکی مروت میں بھی بارش کا امکان ہے  اور شہر پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 29جبکہ زیادہ سے زیادہ 39سینٹی گریڈ تک جانے کاامکان ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالاکوٹ اور پتن میں پانچ پانچ ملی میڑبارش ریکاڈ کیا گیا ہے اور کا کو ل میں چار،بنوں اور لنڈی کو تل میں دو دو جبکہ سیدو شریف میں ایک ملی میٹر بارش ریکاڈ ہوئی ہے۔

کراچی

ادھر کراچی میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی جبکہ کلفٹن، ڈی ایچ اے اور کورنگی میں رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت مغربی سمت سے 33 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،کراچی میں آج بھی بونداباندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے،موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،گرمی کی شدت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہورہی ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 74  فیصد ہے،24گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

راکھی گاج میں طوفانی بارشوں سے تباہی
ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے قبائلی علاقے راکھی گاج میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، دس کلومیٹر کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پنجاب سے بلوچستان جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔

بادلوں کے برستے ہی مختلف شہروں میں بجلی بھی غائب ہو گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بلوچستان سے پنجاب لینڈ سلائیڈنگ ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں.

بلوچستان سے پنجاب اور فورٹ منرو سفر کرنے والے سیاح مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں.لینڈ سلائیڈنگ پہاڑی تودوں پتھروں کے گرنے اور کیچڑ سے ٹریفک بند ہے.

ترجمان سیف سٹیز

لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نکاسی آب کی نشاندہی کرنے کا سلسلہ جاری  ہے۔ مون سون آپریشنز کی مانیٹرنگ کیلئے سیف سٹی کیمروں سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔واسا اہلکار سیف سٹی سنٹر سے 3 شفٹوں میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔
 ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہےکہ شہر بھر میں نکاسی آب کے حوالے سے واسا کو مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے،سیف سٹی اور واسا بارشی پانی کے نکاس کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہے۔شہری حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط کریں۔

 این ڈی ایم اے کا الرٹ
این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 3 دنوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، ممکنہ طور پر بارش 50-100 ملی میٹر سے زائد ہو سکتی ہے جو مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کی وجہ سے ملک کے شہری علاقوں گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے جبکہ گلیات، کشمیر، کوہستان، مانسہرہ اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے اور خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں میں نکاسی آب یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں، کسی بھی بلاک شدہ نالوں یا ممکنہ خطرات کا موجب بننے والے عمل کی اطلاع مقامی حکام کو فوری طور پر دیں۔

این ڈی ایم اے نے مسافروں اور سیاحوں پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں میں سفر کرتے ہوئے احتیاط کی جائے، بروقت ڈیزاسٹر الرٹس، گائیڈ لائنز اور احتیاطی تدابیر کیلئے ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ’ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Watch Live Public News