لاہور: (ویب ڈیسک) جراسک پارک کی نئی فلم ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگئی ،ریلیز کے پہلے ہی دن 44 لاکھ شائقین دیکھنے پہنچ گئے۔ جراسک پارک سلسلے کی چھٹی فلم ’ جراسک ورلڈ ڈومینین‘ ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر چھا گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پہلے ہی دن فلم دیکھنے کے لیے 44 لاکھ شائقین نے سنیما گھروں کا رُخ کیا،اندازے کے مطابق ’ جراسک ورلڈ ڈومینین‘ نے امریکا میں اب تک 14 کروڑ 21 لاکھ ڈالر کا بزنس کرلیا ہے۔ جبکہ دیگر ممالک میں اس فلم نے 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا جو اتوار ختم ہونے تک 24 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ اس فلم میں برائس ڈیلاس، کرس پریٹ، جیف گولڈبلم، لورا ڈرن، سیم نیل اور دیگر اداکار شامل ہیں۔ خیال رہے کہ جراسک ورلڈ ڈومینین کی شوٹنگ فروری 2020 میں شروع ہوئی تھی لیکن کوویڈ 19 کے باعث ملتوی کردی گئی تھی۔اس فلم کی شوٹنگ کینیڈا، انگلینڈ اور مالٹا میں ہوئی ہے۔