ویب ڈیسک: وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہاہے کہ ڈالر قیمت مستحکم ہو چکی تیل کی قیمتیں عالمی منڈی سے منسلک ہیں،تیل کی قیمتوں میں کمی کاپورا فائدہ عوام کو دیا جائے گا۔
ڈپٹی سپیکر غلام مصطفیٰ کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پی ایس او نے پی آئی اے 29.4ارب روپے لینے ہیں،تیل بند کردیں گے تو پی آئی اے کی سروسز بند ہو جائیں گی،بھاری رقم کے باوجود ہم ان کو تیل فراہم کررہے ہیں،امید ہے اس سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔
مصدق ملک نے کہاکہ ڈالر قیمت مستحکم ہو چکی ہے، تیل کی قیمتیں عالمی منڈی سے منسلک ہیں،تیل کی قیمتوں میں کمی کاپورا فائدہ عوام کو دیا جائے گا، بینکوں کو سود کی مد میں بھی رقم ادا کرتے ہیں، کسی بھی ملک سے پاکستان کو رعایتی نرخ پر تیل فراہم نہیں کیا جارہا۔
وزیرپیٹرولیم کا کہناتھا کہ پیٹرول کی قیمت کا 2چیزوں سے تعین ہوتا ہے،ہمیں تیل بین الاقوامی قیمت پر ملتا ہے،کویت کے ساتھ ہماری ایک ڈیل ہے، سعودی عرب سے گہرے تعلقات ہیں، سہولیات لیتے رہتے ہیں،ان کا مزید کہناتھا کہ ہمارے گیس کے ذخائر میں مسلسل کمی ہورہی ہے،گھروں میں جو گیس دے رہے ہیں اس میں بھی کمی آ رہی ہے،جو نئی گیس تلاش کرتے ہیں وہ پائپ لائن میں نہیں ڈالی جا سکتی۔
دوسری جانب گزشتہ دنوں سے یہ خبریں زیرگردش ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے، اب تک کی ورکنگ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے فی لٹر تک کمی ہو سکتی ہے، پٹرول کی قیمت میں ساڑھے 12 سے 13 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے، ڈیزل کی قیمت میں بھی ساڑھے 13 روپے تک کمی ہو سکتی ہے۔
عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل گر رہی ہیں، خام تیل کی قیمتوں کی کمی کا اثر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی آئے گا، پی ایس او ایڈ جسمنٹ، کسٹم ڈیوٹی میں بھی کمی ہوئی ہے۔
ذرائع نے مزید کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر لئے جانے والے پریمئم میں بھی کمی ہوئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی اعلان 15 ستمبر کو کیا جائے گا، وزیر خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا اعلان کریں گے۔