16 سال بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی

16 سال بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی
لاہور (ویب ڈیسک) آئی سی سی مینز ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ میں شامل انگلینڈ کی ٹیم اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دوران مہمان ٹیم راولپنڈی میں دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ یہ دونوں میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا میچ 13 جبکہ دوسرا 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں بالترتیب این مورگن اور ہیتھر نائٹ کی قیادت میں 9 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گی۔انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم 15 اکتوبر کو اسلام آباد سے دبئی روانہ ہوگی جہاں اسے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنی ہے۔ دوسری طرف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم 21 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہی قیام کرے گی۔ 13 اور 14 اکتوبر کو دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے تین میچز 19،17 اور 21 اکتوبر کوراولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمیں انگلینڈ کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کی پاکستان میں میزبانی کرنے پر خوشی ہے۔ انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کا یہ 2005 کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا جبکہ انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ دونوں ٹیموں کا یہ پاکستان کا اضافی دورہ ہے۔ ایف ٹی پی کے مطابق انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کو 2022 میں وائیٹ بال سیریز اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ این مورگن اور ہیتھر نائٹ کی قیادت میں انگلینڈ کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیم پچاس اوورز پر مشتمل فارمیٹ کی ورلڈ چیمپنز ہیں۔ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹیمز رینکنگ میں انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کا پہلا اور ویمنز کرکٹ ٹیم کا نمبر دوسرا ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ یہ تمام میچز پہلے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے تھے تاہم آپریشنل اور لاجسٹک وجوہات کی بنیاد پر یہ تمام میچز اب پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جارہے ہیں۔ شیڈول: 9 اکتوبر: انگلینڈ مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کی پاکستان آمد 13 اکتوبر: پاکستان ویمنز بمقابلہ انگلینڈ ویمنز؛ پاکستان مینز بمقابلہ انگلینڈ مینز (ٹی ٹونٹی ڈبل ہیڈرز) 14 اکتوبر: پاکستان ویمنز بمقابلہ انگلینڈ ویمنز؛ پاکستان مینز بمقابلہ انگلینڈ مینز (ٹی ٹونٹی ڈبل ہیڈرز) 17 اکتوبر: پاکستان ویمنز بمقابلہ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم (پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ) 19 اکتوبر: پاکستان ویمنز بمقابلہ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم (دوسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ) 21 اکتوبر: پاکستان ویمنز بمقابلہ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم (تیسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ)

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔