لانگ مارچ کیس:عدالت کا پی ٹی آئی رہنمائوں کو بڑا ریلیف

لانگ مارچ کیس:عدالت کا پی ٹی آئی رہنمائوں کو بڑا ریلیف
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اسلام آباد مارچ کے دوران پرتشدد کارروائیوں کے مقدمے میں شیخ رشید اور پی ٹی آئی کے اہم رہنمائوں سمیت 38 ملزموں کی عبوری ضمانت میں 20 جون تک توسیع کا حکم دیدیا ہے۔ اس کیس کی سماعت اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں ہوئی۔ معزز جج نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے پراسیکیوٹر جاوید منیر سے پوچھا کہ کیا کیس کی تفتیش کو مکمل کر لیا گیا ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے پراسیکیوٹر واجد منیر کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس کیس کی تفتیش کو مکمل نہیں کیا گیا ہے۔ معزز جج کا کہنا تھا کہ عدالت کو بتایا جائے کہ کتنے افراد کو اس کیس میں ابھی تک شامل تفتیش نہیں کیا گیا؟ اس بارے میں انھیں بتایا گیا کہ ابھی تک متعدد لوگوں نے تفتیش کے عمل کو جوائن ہی نہیں کیا۔ پی ٹی آئی کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کا عدالت کے روبرو موقف اختیار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے سینئر رہنمائوں نے پولیس سٹیشنز کے چکر لگائے لیکن ان کو وہاں سے جواب دیا گیا کہ افسر موجود نہیں ہیں۔ اس پر معزز جج کا کہنا تھا کہ عدالت پھر اس کیس میں دائر مختلف درخواستوں پر بحث رکھ لیتی ہے۔ ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عدالت سے استدعا ہے کہ کارروائی کو اسی طریقے سے چلنے دیا جائے۔ تمام ملزموں کو پیش کیا جائے گا۔ ہم معزز عدالت کو مایوس نہیں کرینگے۔ یہ بات سن کر معزز جج نے پراسیکیوٹر کو سب لوگوں کو شامل تفتیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ شکایت کر رہے ہیں کہ تھانوں میں جاتے ہیں لیکن وہاں سے کوئی جواب نہیں دیا جاتا۔ تمام ملزموں کو تفتیش میں شامل کروا کر ان کی حاضری بھی یقینی بنائی جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔