روس یوکرین معاملہ: پاکستان کل بھی نیوٹرل تھا اور آج بھی ہے

روس یوکرین معاملہ: پاکستان کل بھی نیوٹرل تھا اور آج بھی ہے
اسلام آباد: وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ روس یوکرین معاملہ پر پاکستان کل بھی نیوٹرل تھا اور آج بھی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یہ تنازعہ فریقین کے درمیان سفارتکاری اور بات چیت سے حل ہو۔ چیئرمین پیپلزپارٹی و وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے میڈیا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے دورہ روس کو اس کے خلاف عدم اعتماد سے جوڑنا بہت بڑی غلط فہمی ہے، اس کا ثبوت یہ ہے کہ روس یوکرین تنازعہ میں عمران حکومت کی طرح ہم بھی غیرجانبدار ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر دورہ روس پچھلی حکومت جانے کی وجہ ہوتی تو اس جنگ بارے ہمارا موقف مختلف ہوتا، روس یوکرین معاملہ پر پاکستان کل بھی نیوٹرل تھا اور آج بھی ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فوڈ ان سیکیورٹی ہمارے لئے بڑا مسئلہ ہے، روس یوکراین جنگ سے پہلے پاکستان یوکراین سے کھاد، گندم اور دیگر غذائی اجناس خرید رہا تھا، اس جنگ کی وجہ سے ہمیں مزید غذائی ان سیکیورٹی کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ تنازعہ فریقین کے درمیان سفارتکاری اور بات چیت سے حل ہو، ہم چاہتے ہیں یہ جنگ جلد ختم ہو، مہنگائی کی صورت میں اس جنگ کا پاکستان کے عوام سمیت دنیا بھر کو نقصان ہورہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن کی بنیاد آصف زرداری نے رکھی تھی، اس منصوبے میں پابندیوں کو مدنظر رکھ کر مثبت پیش رفت چاہتے ہیں، اس منصوبے کے فریم ورک پر پیشرفت چاہتے ہیں، پاک ایران تعلقات میں کافی گنجائش موجود ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ زرعی زمینوں پر ہاوسنگ سوسائٹیوں کا مخالف ہوں، ہم اپنے زرعی نظام کو صحیح چلائیں تو اپنی ضرورت پوری کرنے کے علاوہ دنیا کو بھی کھلا سکتے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔