ویب ڈیسک: وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے اگلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران حیرت انگیز تیزی سامنے آئی۔ 100 انڈیکس 76 ہزار کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
100 انڈیکس میں 3 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس تک کا اِضافہ ہوا ہے۔ انڈیکس 76 ہزار 283 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ نے بجٹ کا انتہائی مثبت اثر لیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا تھا جس کے باعث 100 انڈیکس 207 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 72 ہزار 797 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نئے مالی سال 25-2024 کا 18ہزار ارب سے زائد حجم کا بجٹ پیش کردیا تھا، جس میں وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافے کے ساتھ ساتھ ملک میں ملازمین کی کم از کم تنخواہ 37 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی تھی اور ملک کے دفاعی اخراجات کے لیے 21 سو 22 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔