اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد پر صرف اپوزیشن نہیں بلکہ عوام بھی ہمارے ساتھ ہے، تمام جمہوری قوتیں غیر جمہوری شخص کے خلاف اپنا حق استعمال کررہی ہیں، ملک کو جنگل کے قانون کی بنیاد پر نہیں چلایا جا سکتا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، گالی دینے پر اتر آئے ہیں، لانگ مارچ کرکے ثابت کردیا حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کو ووٹ کا حق دیا جائے، ملک کو جنگل کے قانون کی بنیاد پر نہیں چلایا جا سکتا، وزیر اعظم کے نمائندے اعلان کررہے ہیں ہم ووٹ نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے حکم پر پولیس پارلیمنٹ میں داخل ہوتی ہے اور اراکین اسمبلی کو گھسیٹتے ہیں تو اس سے دنیا کو کیا پیغام جارہا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی سمیت الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ اراکین اسمبلی کے ووٹ کو تحفظ فراہم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد دراصل ملکی تاریخ کا ’جمہوری عدم اعتماد‘ ہوگا جو یقیناً کامیاب ہوگی، میں نے پاکستان کی تاریخ میں اتنا پریشان وزیر اعظم کبھی نہیں دیکھا جو اس حدتک خوفزدہ کہ ہر شخص کو گالی دینے پر مجبور ہوگیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اپنے اراکین اسمبلی کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے، جو شخص اپنے اراکین پر اعتماد نہیں کرسکتا وہ حکومت کیسے کرسکتا ہے، ہمارے نمبر پورے نہ ہوتے تو کیا عمران خان اتنے پریشان ہوتے‘۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بتائیں کہ وہ کس کو جانور کہہ رہے ہیں، ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے عمران خان کی پالیسیاں کارگر نہیں ہیں۔