'(ن)لیگ کو عمران خان، انکی اہلیہ کیخلاف منفی مہم چلانے پر معافی مانگنی چاہیئے'

'(ن)لیگ کو عمران خان، انکی اہلیہ کیخلاف منفی مہم چلانے پر معافی مانگنی چاہیئے'
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن)لیگ کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف منفی مہم چلانے پر ان سے معافی مانگنی چاہیئے، (ن) لیگ کی جھوٹی مہم اور گھٹیا بیانیہ کا پول عوام کے سامنے کھل چکا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے توشہ خانہ کی تفصیلات پبلک کرنے کا معاملہ، پی ٹی آئی نے ججز اور جرنیلوں کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات بھی جاری کرنے کا مطالبہ کردیا ہے، اعلیٰ عدالتی کمیشن کے ذریعے حاصل کئے جانے والے تحائف کو گوشواروں میں ظاہر کرنے اور ان پر ٹیکسوں کی ادائیگی کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کردیا۔ مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے ن لیگ سے چیئرمین تحریک انصاف اور انکی اہلیہ کیخلاف جھوٹے پراپیگنڈے پر معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کردیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ توشہ خانہ تفصیلات کے مطابق شریف اور زرداری خاندان نے دن دھاڑے ڈاکہ مارا، پاکستان سے دھوکہ دہی میں ملوث شریف اور زرداری خاندان کا ایک اور ثبوت سامنے آ چکا ہے، پچھلے 11 ماہ میں عمران خان اور بشری بی بی پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی، عمران خان نے توشہ خانہ سے قانونی طریقہ کار کے تحت ان سب سے کم تحائف لئے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ زرداری اور نواز شریف نے غیر قانونی طور پر توشہ خانہ سے گاڑیاں نکلوائیں، توشہ خانہ قانون کی کھلے عام خلاف ورزیاں کی گئیں، جو فہرست منظر عام پر آئی وہ نامکمل ہے، 1988 سے تفصیلات سامنے آنی چاہئیں، پاکستان میں مقدس گائے کا تصور ختم کر کے ججز اور جرنیلوں کی تفصیلات بھی سامنے لائی جائیں۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے حکم پر یہ سب ممکن ہوا انکا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے عوام کو ملک میں شفافیت کی نئی راہ دکھائی، لاہور ہائیکورٹ ایک کمیشن بنا کر تحقیقات کرے کہ ان تحفوں کی قیمت قانون کے مطابق ادا ہوئی؟ اور ڈکلیئر کئے گئے کہ نہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف منفی مہم چلانے پر ان سے معافی مانگنی چاہئے، (ن) لیگ کی جھوٹی مہم اور گھٹیا بیانیہ کا پول عوام کے سامنے کھل چکا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔