ایشین ڈویلپمنٹ بینک اضافی امداد پر مشروط آمادہ

ایشین ڈویلپمنٹ بینک اضافی امداد پر مشروط آمادہ
ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے حامی بھری ہے کہ وہ پاکستان کو اڑھائی ارب ڈالر کی اضافی امداد دے گا جبکہ رواں سال میں ڈیڑھ سے دو ارب دستیاب ہو سکتے ہیں۔ تاہم اس کیلئے حکومت کو آئی ایم ایف سے معاشی صحت سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث بخش پاشا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس اہم ملاقات میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کو اڑھائی ارب ڈالر اضافی سپورٹ کی مد میں دیئے جائیں گے جبکہ رواں سال ڈیڑھ سے 2 ارب ڈالر فنڈنگ بھی کی جائے گی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث بخش پاشا کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر لانے کیلئے اصلاحات کر رہی ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے اس بات کا اشارہ کیا ہے کہ وہ شعبہ توانائی کے پالیسی قرضوں کے تحت تقریباً 400 ملین ڈالر اور کاؤنٹر سائیکل فنانس فسیلٹی کے تحت ایک اعشاریہ پانچ بلین ڈالر پاکستان کو فراہم کر سکتا ہے۔ یہ اضافی مالی اعانت حاصل کرنے کے لئے پاکستان کو بہت سی ضروریات کو پورا کرنا ہوگا۔ حکومت کو اے ڈی بی بورڈ کو ایک مضبوط مائیکرو اکنامک پلان جمع کرانے کی بھی ضرورت ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ موجودہ توسیعی مالیاتی پالیسیوں سے علیحدگی اور ایندھن کی سبسڈی کو واپس لینا، حکومت کو آئی ایم ایف سے ایک معاشی خط بھی حاصل کرنا ہوگا، جو اس بات کی تصدیق کرے گا کہ پاکستان معاشی پالیسیاں درست راستے پر چل رہی ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔