ڈالر 193 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

ڈالر 193 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 193 روپے سے زائد نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں مزید ایک روپے 23 پیسے کمی دیکھی گئی، جس کے بعد ڈالر کی قدر ملکی تاریخ میں پہلی بار 195 روپے ہو گئی۔ دن کے آغاز میں ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ 20 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد گذشتہ روز 192 روپے پر بند ہونے کے بعد ڈالر 193 روپے 10 پیسے کا ہوگیا۔ خیال رہے کہ پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مسلسل 4 دن سے تاریخی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ڈالر منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں 188 روپے 66 پیسے کا ہونے کے بعد بدھ کو بڑھ کر 190 روپے 90 پیسے ہو گیا تھا جبکہ جمعرات کو اس کی قدر 192 روپے ہو گئی تھی۔ خبریں ہیں کہ غیر قانونی منی چینجرز 200 روپے میں ڈالر فروخت کر رہے ہیں۔ کرنسی ڈیلروں کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ روکنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔ ایسا نہ کیا گیا تو اس کے معیشت پر خطرناک اثرات مرتب ہوںگے۔ ادھر معاشی ماہرین نے پیشگوئی کی ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) سے معاملات بہتر ہونے تک روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔