عمران خان کی آرمی چیف پر الزام تراشی ،وزیراعظم کی شدید مذمت

عمران خان کی آرمی چیف پر الزام تراشی ،وزیراعظم کی شدید مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی طرف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر الزام تراشی کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کا بیان پاک فوج کے خلاف اس کی گھٹیا ذہنیت کا ایک اور ثبوت ہے، یہ بیان 9 مئی کے المناک واقعات کے ماسٹر مائنڈ کا اعتراف جرم ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ وہی ذہنیت ہے جس نے محب وطن آرمی افسران پر اپنے قتل کے جھوٹے الزامات لگائے، سائفر اور بیرونی سازش کی جھوٹی کہانیاں گھڑیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک دشمنی اور دہشتگردوں کے ماسٹر مائنڈ کے اصل عزائم کا اظہار ہے، بیان اعتراف ہے کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ عمران نیازی کے کہنے پر ہوا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کا بیان ثبوت ہے کہ شہداء اور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی اور حساس تنصیبات اور عمارتوں پر حملے کے پیچھے منصوبہ بندی عمران خان کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جنرل عاصم منیر سے تکلیف یہ ہے کہ وہ بطور ڈی جی آئی ایس آئی عمران نیازی، ان کی اہلیہ، فرح گوگی اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کی بدترین کرپشن سے آگاہ ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آرمی کے انتہائی ڈیکوریٹڈ، رینک اینڈ فائل میں ہر دلعزیز اور میرٹ پر آرمی چیف بننے والے جنرل عاصم منیر کے خلاف ہرزہ سرائی بدنیتی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمشیر اعزاز اور حافظ قرآن ایماندار آرمی چیف سے عمران نیازی خوفزدہ ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑنے والی بہادر فوج کے سپہ سالار کے خلاف اس نوعیت کی گھٹیا گفتگو دہشتگردوں کی حمایت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم مسلح افواج اور آرمی چیف کے ساتھ کھڑی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔