سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اسپانسر اور کفالت کی جا رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ عدلیہ سہولت کاری نہ کرے ۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے یہاں پہنچا تو مجھے معلوم ہوا تحریک انصاف کی خواتین سے گستاخی کی گئی ، چادر چار دیواری کا تقدس پا مال کیا گیا، میں ذاتی طور پر شرمندہ ہوں ہماری سیاست میں اس چیز کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہاکہ چادراور چاردیواری کا تقدس پامال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہے، جن فیملیز کا تقدس پامال ہوا ہے میں ان سے معافی چاہتا ہوں ، متاثرہ فیملی کے گھروں میں بھی جانے کو تیار ہوں ، عثمان ڈار کی والدہ سے یا دوسرے ساتھیوں کی ساتھ جو ہوا میرے لیے باعث شرم ہے مجھے اگر اجازت دی گئی تو بہنوں اور بیٹوں سے معافی مانگوں گا ، ہماری سیاست میں بہت حدود کراس ہوئی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ نوازشریف کو سازش کےتحت نکالا گیا، نواز شریف کے ساتھ جو ہوا اس میں اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کا گٹھ جوڑ تھا، آج وہ سب شرمندہ ہو رہے ہیں، نواز کی سیاست آج بھی زندہ ہے اسکا بھائی وزیراعظم ہے۔ ان کاکہناتھا کہ گذشتہ چند دنوں میں ملک کے حالات کو تباہ کیا گیا، ایک برباد معیشت ہمیں ملی تھی، 4سال عمران خان لوٹتا رہا ،اب اسکے حواری لوگوں کے گھر لوٹ رہے ہیں ، تحریک طالبان اور تحریک انصاف جی ایچ کیو پر حملہ کرتی ہے ۔ وزیردفاع نے کہا کہ عدالت عظمی کا چیف جسٹس آپکو دیکھ کر کہے بہت خوشی ہوئی ، عدالت نے لاڈلے کو ریلیف دیا، عمران خان کو ان مقدمات اور کیسز میں ضمانت دی گئی جوقائم بھی نہیں ہوئے، پارلیمنٹ جو فیصلہ کرے گی سب کو ماننا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کونسا انصاف ہے، کونسی عدالتیں ہیں؟ زرداری صاحب کی ہمشیرہ کو نظربند کیاگیا، شہبازشریف کے گھر کامحاصرہ کیا گیا، مقدمات بنائے گئے، پورے پورے خاندان کوعدالتوں میں بلایا گیا ، میں نےکبھی اپنے سیاسی مخالفین کونشانہ نہیں بنایا، ہماری سیاست میں کہیں بھی انتقام کالفظ نہیں ہے۔