چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کے سخت مؤقف پرآئی سی سی  پریشان،پاکستان کا قانونی کارروائی کا عندیہ

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کے سخت مؤقف پرآئی سی سی  پریشان،پاکستان کا قانونی کارروائی کا عندیہ

(ویب ڈیسک ) محمد شکیل خان :  بھارت کی جانب سے چیمپئِنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ایونٹ کے شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار ہے جب کہ مزید چند روز تک اعلان میں ناکامی پر آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ   آئی سی سی نے ایونٹ سے قبل 100 ڈیز ٹوگو کے موقع پر ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنے کا پروگرام بنایا تھا مگر حالیہ پاک بھارت ڈیڈ لاک کی وجہ سے اعلان نہیں کیا جاسکا۔

رولز کے مطابق آئی سی سی کو ایونٹ سے 90 روز قبل ہر صورت میں شیڈول کا اعلان کرنا ہے، 20 نومبر تک اعلان نہ کرنے کی صورت میں آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔

ذرائع کے مطابق  کمرشل پارٹنرز کو ایونٹ سے قبل کم از کم اتنا وقت درکار ہوتا ہے، کمرشل پارٹنر کو شیڈول کے مطابق اپنی مارکیٹنگ کرنا ہوتی ہے۔

ذرائع نے بتایا  کہ   آئی سی سی کے لیے پاکستان اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنا ممکن نہیں ہے اور اس سے آئی سی سی کو شدید مالی نقصان ہوگا۔

ذرائع  نے کہا ہے کہ  اگر ایونٹ کو میزبان ملک سے کسی اور ملک منتقل کیا گیا تو پاکستان قانونی چارہ جوئی کا حق استعمال کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  پی سی بی  نے اس معاملے پر حکومتی ہدایت پر آئی سی سی کو خط لکھا  ہےجس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پر انکار کے حوالے سے پاکستانی حکومت کے سخت مؤقف سے آگاہ کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News

اسپورٹس رپورٹر

 محمد شکیل خان ایک نوجوان اسپورٹس رپورٹر ہیں جو نہ صرف فیلڈ میں متحرک ہیں بلکہ دنیا بھر میں ہونے والے اسپورٹس ایونٹس اور خصوصا کرکٹ کے حوالے سے اپنے قارئین کو باخبر رکھا اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔