ممکنہ لانگ مارچ:عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

ممکنہ لانگ مارچ:عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے ممکنہ لانگ مارچ رکوانے کے لئے حکومت متحرک ہو گئی، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور احتجاج کے اعلانات کر کے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ 25 مئی کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پی ٹی آئی ورکرز نے ریڈ زون میں سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا۔ پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس سے واضح ہے کہ عدالتی احکامات کی توہین کی گئی، سپریم کورٹ نے 25 مئی کو فیصلہ دیا تھا جس پر عمران خان نے عمل نہیں کیا، اب پھر عمران خان اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ کو کامیاب کرنے کے لئے کارکنوں کو جہاد جیسے لفظ استعمال کرکے اکسا رہے ہیں، عمران خان نے جان بوجھ کر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی، عمران خان اور ان کے پارٹی رہنما عدلیہ اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کا ٹرینڈ چلا رہے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ عمران خان کو احتجاج اور دھرنے کے حوالے اپنے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔