اسلام آباد: سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اگر ملک سے غداری کی ہے تو پھانسی پر لٹکا دیا جائے قبول کروں گا۔ اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں سائفر کیس کی سماعت کے سلسلے میں شاہ محمود کو پیش کیا گیا جس دوران میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک عزیز ہے اور مجھے یقین ہے میں نے کبھی ملک سے غداری نہیں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موت برحق ہے، جہاں قید ہوں چند قدم دور پھانسی گھاٹ ہے، اعتماد سے کہتا ہوں ملک کا وفادار ہوں، اگر ملک سے غداری کی ہے تو پھانسی گھاٹ پر لٹکا دیا جائے قبول کروں گا۔ سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین ایک ہی تھے اور ہیں، کوئی ابہام نہیں، میں نے پاکستان کے مفادات کو اولیت دی، ملک معاشی اور آئینی بحران کا شکار ہے جس کا حل شفاف انتخابات ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ذاتی انا سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا، ملک مشکل میں ہے، اپنے رویوں پر سب کو نظرثانی کرنی ہوگی۔