پبلک نیوز: لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں جشن آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے پرچم لہرا کر جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز کیا۔ سکیورٹی گارڈز کے دستہ نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق ایل سی ڈبلیو یو میں جشن آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب میں ڈینز، ڈائریکٹز، ہیڈز آف ڈپارٹمنٹس، فکیلٹی ممبران، اسٹاف اور طالبات نے بھر پور انداز میں شرکت کی۔ فیکیلٹی، سینئر مینجمنٹ سٹاف اور طالبات نے پرچم لہرا کر وطن عزیز سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ تقریب میں پاکستان کی 74ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا کا کہنا تھا کہ تمام اہل وطن کو جشن آزادی کی ڈھیروں مبارکباد دیتی ہوں۔ یوم آزادی تجدید عہد کا دن ہے۔ پاکستان جیسا ملک پوری دنیا میں نہیں۔ اس ملک کی ترقی میں ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آج کے روز ہر محب وطن پاکستانی کا دل وطن عزیز کی محبت سے سرشار ہے۔