وزیراعظم کا یوم آزادی پرپاکستان کی معاشی ترقی کیلئے اجتماعی کوششوں پرزور

وزیراعظم کا یوم آزادی پرپاکستان کی معاشی ترقی کیلئے اجتماعی کوششوں پرزور
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو ایک معاشی قوت میں بدلنے کیلئے میثاق معیشت پر اتفاق رائے پیدا کرنے پر زوردیا ہے۔ وہ آج صبح جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی اور دوبارہ ریکارڈ کئے گئے قومی ترانے کے اجرا کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم ایٹمی طاقت بن سکتے ہیں تو ہم معاشی طاقت بھی بن سکتے ہیں تاہم اس کے لئے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی۔ وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ بانی پاکستان قائداعظم کے سنہری اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل کرتے ہوئے ملک کی ترقی کیلئے کام کریں۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو اپنی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت انہیں تمام ممکنہ مواقع فراہم کرے گی کیونکہ ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ انہوں نے ملک کو ایک جوہری قوت بنا کر اس کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر ذوالفقار علی بھٹو ، محمد نواز شریف اور مسلح افواج سمیت اس حوالے سے خدمات انجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسانی جانوں کے ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کے نقصان پر گہرے دکھ کاا ظہار کیا اور یقین دلایا کہ امداد اور بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطین کی غیر ملکی تسلط سے آزادی کیلئے بھی دعا کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔