پشاور: خیبر پختونخواکے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے موسم گرما کی تعطیلات ختم کرنےکا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت میں کمی کی پیش گوئی کی ہے اس لیے کل سےتعلیمی سرگرمیاں شروع کردی جائیں گی۔ خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولز کل سے کھل جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے گرم علاقوں میں چھٹیوں کا دورانیہ بڑھاتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اسکول 15 اگست کے بجائے یکم ستمبرکو کھلیں گے۔