ویب ڈیسک: یوم آزادی پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہبازشریف کا عوامی ترقی کیلئے کام کرنے اور پاکستان کو خوشحال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یوم آزادی حق خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کیلئے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِ پاکستان کے رہنماؤں، کارکنوں اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر كام کرنا ہوگا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کو بروئے کار لائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا، قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہئے، قائداعظم کے فرمان کے مطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہئے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، ملکی ترقی کیلئے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جشن آزادی پر سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں قومی یادگار پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب
اسلام آباد میں قومی یادگار پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم شہبازشریف تھے، پاک فوج کے تازہ دم دستے ہیں وزیر اعظم نے کو سلامی دی۔
تقریب میں وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، پاک فوج کی جانب سے شہدا کی یاد میں 21توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔
وزیر اعظم شہبازشریف
وزیراعظم شہبازشریف نے بھی اپنے پیغام میں اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی عوام کو دلی مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے آباد و اجداد اور تحریک پاکستان کے بے شمار گمنام ہیروز کو عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے جنوبی ایشیاء میں لاکھوں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ملک کے حصول کے لئے انتھک جدوجہد کی جہاں وہ اپنے عقائد اور اقدار کے مطابق زندگی بسر کرسکیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خودارادیت کے بنیادی حق کے حصول تک بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کی اخلاقی’ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، ہم اپنے جائز حق کے لیے جدوجہد کرنے والے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
حضوری باغ میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ قوم کو77واں یوم آزادی مبارک ہو، کہ میری دائیں جانب سپیشل بچے کھڑے ہیں،میں تمام بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے ہمیں آزادی جیسی نعمت سے نوازا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں نے پڑھا ہم زندہ قوم ہیں ہم پائندہ قوم ہیں، آنے والے دور میں ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے،میرا ایک سوال ہے کیا ہم زندہ قوم ہیں۔
وزیر اعلی سندھ مرادعلی شاہ
وزیر اعلی سںدھ نے قائداعظم کے مزار پر حاضری دی اورمیڈیا سے گفگتو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ذاتی انا کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا،نفرتوں کو ختم کرنا ہوگا، پاکستان کا ایک ایک فرد ترقی کیلئے کام کرے،فلیسطین کے شہدا کو بھی یاد کرتے ہیں،جو بربریت وہاں چل رہی ہے عالم اسلام شخت موقف لے،کشمیر میں جو ہندوستانی بربریت چل رہء ہے،اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کروائے۔قائد اعظم اور علامہ اقبال کا جو ویژن تھا اسے تکمیل تک پہنچائیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اہل وطن کو جشن آزادی پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ، آزادی ایک نعمت ہے، اللہ تعالیٰ کا شکرہے کہ ہم آزادوطن میں سانس لے رہے ہی
انہوں نے کہا کہ آزادی کی قدر کو جاننا ہے تو غلام قوموں سے جانیے ، ہمیں بحیثیت قوم آزاد وطن کی قدر و منزلت کو پہچاننا اور سمجھنا ہوگا، آزادی کی شمع روشن کرنے کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے اپنا خون دیا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ تحریک پاکستان کی جدوجہد میں شہید ہونے والوں کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، امن کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یوم آزادی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ پاکستان جیسا عظیم ملک ہمیں لازوال اور بے پناہ قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاکستان کے حصول کی خاطر ہمارے آباؤ اجداد کی بے پناہ قربانیوں شامل ہیں،ہمیں رب العزت کے اس انعام اور نعمت کی قدر اور پاسبانی کرنی ہے۔ہمیں ذاتی مفادات کی جنگ سے نکل کر پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
شازیہ مری
77ویں یوم آزادی پر ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو قائداعظم کے نظریے کے مطابق ایک جمہوری اور فلاحی ریاست بنائیں گے،ہم خوش نصیب ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ ملک دیا، پاکستان ہماری پہچان ہے اور ہماری جان بھی اس پر قربان ہے۔